وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ آج کل ن لیگ نے زرداری کے پاؤں پکڑے ہوئے ہیں، شہباز شریف کی اربوں روپے کی کرپشن ثابت ہوچکی ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ حسن نواز اور حسین نواز کہتے ہیں الحمداللّٰہ فلیٹ ہمارے ہیں، مریم نواز کہتی ہیں لندن تو کیا میری تو پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ پاناما کا معاملہ آتا ہے تو یہ کہانیاں سناتے ہیں، تمام کہانیوں کے بعد پتا چلا ان کے پاس قطری خط ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ وہ سمجھتے تھے جسٹس قیوم جیسے کوئی جج سپریم کورٹ میں ہوں گے، عمران خان ان کے راستے میں کھڑے رہے، ان کو موقع ملا لیکن سوائےقطری خط کے کوئی ثبوت پیش نہ کرسکے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ کی سیاست میں آڈیوز، وڈیوز بھی آگئیں، آج تک لندن فلیٹوں کی رسیدیں لانے میں یہ ناکام رہے، نواز شریف کے کیس کو التواء نہیں ملنا چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا، شہباز شریف کے اربوں روپے کی کرپشن سامنے آئی ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ ایف آئی اے کیس سننے آیا تو آج ان کا وکیل پیش نہیں ہوا، یہ التوا کے ہتھکنڈے ہیں جو یہ استعمال کرتے آئے ہیں، یہ برطانیہ کے این سی اے میں کیس جیتنے کا ڈھول پیٹتے رہے، اب انہوں نے درخواست دی ہے کہ این سی اے دستاویزات کسی کو جاری نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ اب کونسی اے ٹی ایمز بیٹھی ہیں جو سلمان شہباز کو پیسے دے رہی ہیں، نواز شریف 5، 5 گھنٹے سفر بھی کرتے ہیں، 4،4 منزلیں سیڑھی چڑھ کر جاتے ہیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف کو کرپشن، منی لانڈرنگ کا جواب دینا پڑے گا، شہباز شریف کےخلاف کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔