• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعمیرات میں عمارت مسمار کرنے کا عمل

پرانی عمارت مسمار کرکے نئی عمارت بنانا تعمیراتی عمل کا حصہ ہے۔ کوئی بھی عمارت مکمل یا جزوی طور پر اس لیے مسمار کی جاتی ہے تاکہ اس زمین کو کسی دوسر ے مقصد کے لیے استعمال میں لایا جاسکے۔ مسمار کرنے کا کام نہ صرف مکانات بلکہ ٹاورز، شیڈز، گوداموں، اسٹوریج ٹینکوں وغیرہ کے لیے بھی کیا جاتا ہے۔ عمارت مسمار کرنے کا عمل مناسب منصوبہ بندی کے تحت محفوظ طریقے سے انجام دیا جانا چاہیے تاکہ کام کرنے والے عملے، آلات اور مشینری کو ممکنہ خطرات سے بچایا جا سکے اور ماحول کو بھی زیادہ نقصان نہ پہنچے۔

مسمار کرنے کی عام اقسام

عمارت کو مسمار کرنے کی تین عام اقسام ہیں، جیسے کہ:

مکمل انہدام: اس میں عمارت کے پورے ڈھانچے یا سائٹ کو مسمار کیا جاتا ہے۔ ایسا پرانی عمارتوں کی جگہ نئی عمارتیں تعمیر کرنے میں کیا جاتا ہے۔

منتخب انہدام: اس میں عمارت کے مخصوص حصوں کو مسمار کیا جاتا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ عمارتیں خراب ہونا شروع ہوجاتی ہیں مگر کچھ عمارتیں ایسی ہوتی ہیں جن کے کچھ حصے ہی خرابی کا شکار ہوتے ہیں۔ ایسی عمارتوں کو مکمل طور پر مسمار کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ عمارت کے صرف مخصوص حصے ہی ممکنہ خطرے کا باعث ہوتے ہیں، جس کے لیے منتخب انہدام کی ضرورت پڑتی ہے۔ یہ عمل عمارت کی قدر میں مزید اضافہ کر سکتا ہے۔

ترقی یافتہ ممالک میں بلند عمارتوں کو دھماکہ خیز مواد کی مدد سے مسمار کیا جاتا ہے۔ اس قسم کے انہدام میں، عمارت کی اسٹرکچرل سپورٹ پر دھماکہ خیز مواد استعمال کیا جاتا ہے، جس سے عمارت کچھ ہی دیر میں زمین بوس ہوجاتی ہے۔

حفاظتی اقدامات

عمارت مسمار کرنے سے قبل کچھ حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں تاکہ جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

درست پی پی کا استعمال: سائٹ پر موجود ہر شخص کی طرف سے ذاتی حفاظتی سامان (PPE) کا استعمال حفاظت کا ایک اچھا طریقہ ہے۔ اس میں حفاظتی شیشے، سخت ٹوپی، ہائی ویزیبلٹی جیکٹ، حفاظتی دستانے اور حفاظتی جوتے شامل ہیں۔ ذاتی حفاظتی سامان کے مطلوبہ معیارات انہدام کی قسم یا کلائنٹ کی ضروریات کے مطابق مختلف ہوسکتے ہیں۔ PPE کی کچھ مخصوص اقسام میں ویلڈنگ شیلڈز، چہرے کے ماسک، آگ سے حفاظت کا لباس اور موٹے دستانے شامل ہو سکتے ہیں۔

اہل اور تجربہ کار افراد کی خدمات: عمارت منہدم کرنے کی مشق انجام دینے کے لیے تربیت یافتہ اور تجربہ کار عملہ کی خدمات حاصل کرکے سائٹ پر ہونے والے حادثات کو روکا جا سکتا ہے۔ لاپرواہی اور نااہلی کے نتیجے میں حادثات کے خطرے کو کم کرنے کے لیے صرف اہل افراد کو عمارت مسمار کرنے کی جگہ پر آلات چلانے، دھماکہ خیز مواد رکھنے یا مشینری چلانے کی اجازت ہونی چاہیے۔

ماحولیات سے متعلق تحفظات

عمارت مسمار کرنے کی مشق کے دوران ماحولیاتی مسائل جیسے شور اور دھول کی کڑی نگرانی کی جانی چاہیے۔ دیگر خدشات میں بھاری مشینری یا آلات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی وائبریشن ہوسکتی ہے۔ ارد گرد کی جگہ پر پانی کے ذریعے دھول پر قابو پایا جا سکتا ہےجبکہ کام کے اوقات کو ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے تاکہ ایسے اوقات میں شور والی سرگرمیاں نہ کی جائیں جن میں اس کا عام لوگوں پر بہت زیادہ اثر پڑے۔ اس کے علاوہ ایسی مشینری استعمال کی جائے جو نسبتاً کم آواز پیدا کریں۔

سائٹ پر صفائی

ایک صاف سائٹ، محفوظ سائٹ ہوتی ہے۔ ایک صاف ستھری سائٹ محفوظ طریقے سے مسمار کرنے کے منصوبے میں کلیدی عنصر سمجھی جاتی ہے۔ محفوظ طریقے سے کام کرنے والے ماحول کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ انہدام کی جگہ سے پیدا ہونے والی مختلف چیزوں کے ساتھ مناسب طریقے سے نمٹا جائے، اچھی ہاؤس کیپنگ ہونی چاہیے۔ عملے کے پاس صاف اور محفوظ پانی ہونا چاہیے، کھانے اور فضلہ پھینکنے کے لیے ایک مخصوص جگہ، بیت الخلاء، تبدیلی کے کمرے، نیز ایک ایسا علاقہ جہاں وہ انتہائی موسمی حالات میں تحفظ حاصل کر سکیں۔

ٹریفک کا انتظام

عمارت مسمار کرنے کی منصوبہ بندی کے مرحلے کے دوران ٹریفک کی نقل و حرکت کا انتظام اچھی طرح سے قائم کیا جانا چاہیے کیونکہ سائٹ پر کام اس کے مطابق آگے بڑھتا ہے۔ پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کے لیے محفوظ راستہ بنانے کی ضرورت ہے ،جس پر سختی سے عمل کرنا چاہیے۔ ٹریفک کی نقل و حرکت کے ساتھ ساتھ سائٹ کے اندر اور باہر ڈیلیوری کا وقت مقرر کیا جا سکتا ہے تاکہ رش کے اوقات میں ٹریفک سے بچا جا سکے جس کے نتیجے میں سائٹ پر قطار لگانے کی ضرورت کو کم یا ختم کیا جا سکتا ہے۔

خطرے کی تشخیص اور طریقہ کار کی وضاحت 

عمارت مسمار کرنے میں خطرے کی تشخیص اور طریقہ کار کی وضاحت محفوظ منصوبہ بندی میں اہم عناصر ہیں۔ منصوبے کے آغاز کے دوران اور اس کے مکمل ہونے کے بعد بھی تحفظ اور کنٹرول کو یقینی بنانے کے لیے ایک منظم انداز اختیار کیا جانا چاہیے، جو کہ عمارت کی تعمیر سے پہلے کے ڈیٹا اور دیگر متعلقہ معلومات کو مدنظر رکھ کر کیا جا سکتا ہے۔ تمام ممکنہ خطرات جو انہدام کے منصوبے سے متعلق ہو سکتے ہیں وہ درج کیے جاسکتے ہیں اور ان خطرات کو کم اور کنٹرول کرنے کے طریقوں کو احتیاط سے اُجاگر کیا جاسکتا ہے۔ 

عمارت مسمار کرنے کی مشق کے دوران مواصلات کے سلسلے کو برقرار رکھنا ضروری ہے جبکہ فیڈبیک کی بھی بہت حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ صحت اور حفاظت جیسی اہم معلومات کو تمام ورکرز تک پہنچایا جانا چاہیے جیسے کہ ٹول باکس ٹولز میمو، تعمیرات سے پہلے کی معلومات وغیرہ۔ خطرے کی تشخیص اور طریقہ کار کی وضاحت کو نہ صرف سائٹ پر موجود تمام کارکنوں کو پڑھانا چاہیے بلکہ ان کا اسے سمجھنا بھی ضروری ہے۔