• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعمیرات میں پانی کا سجاوٹ کے طور پر استعمال

ہر سال گھر کی اندرونی و بیرونی سجاوٹ کے نت نئے ٹرینڈ متعارف کروائے جاتے ہیں، جو کہ ہر خاص و عام میں کافی مقبولیت حاصل کرتے ہیں۔ ہرنیا سال ٹرینڈ میں ایک نئی تبدیلی لاتا ہے اور اسی تبدیلی کے پیش نظر پانی سے سجاوٹ (واٹر فیچر) کے ٹرینڈز بھی خاصے مقبول ہوئے ہیں۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ گھر میں پانی کے جھرنے بہائے جائیں بلکہ ایک چھوٹے سے خوبصورت اور دلکش فوارے کے ذریعے بھی گھر کو متاثر کن سجاوٹ سے آراستہ کرکے ٹرینڈ کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔ 

ان فواروں کے ذریعے گرتے پانی کی آواز خاموش فضا میں خاصی پراسرار، جادوئی اور متاثر کن محسوس ہوتی ہے۔ بہتے پانی کی خصوصیات نہ صرف گھر کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ آپ کے جمالیاتی ذوق کی عکاسی بھی کرتی ہیں۔ آئیے آج کچھ بات کرلیتے ہیں ان آئیڈیاز کی، جن کے ذریعےگھر کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں بہتے پانی کی آرائش کا بہترین استعمال کیا جاسکتا ہے۔

جگہ منتخب کرنا

گھر میں پانی کو سجاوٹ کے طور پر استعمال کرنے کے لیےسب سے پہلے جگہ کا انتخاب کریں۔ یعنی یہ فیصلہ کریں کہ آپ گھرکے اندرونی حصوں میں پانی سے آرائش کرناچاہتے ہیں یا بیرونی حصوں میں۔ گھر کے اندرونی حصوں میں راہداری اور لیونگ روم بہترین انتخاب ہوسکتے ہیں جبکہ بیرونی حصوں کے لیے آؤٹ ڈور لیونگ روم، چھت ،صحن یا پھر گھر کا لان بہترین ہے۔

داخلی حصہ

گھر کا داخلی حصہ وہ خاص جگہ ہے جہاں سے مہمان یا آپ خودگھر کے اندر داخل ہوتے ہیں۔ اس حصے کو متاثر کن بنانے کے لیےاس کی دیوار پر پانی اور لکڑی کا استعمال، گھر میں داخل ہونے والے کسی بھی انسان کی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے۔ یقیناً یہ آئیڈیا گھر کے داخلی حصے کے لیےحیرت انگیز اور دلچسپ انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ آپ لکڑی پر پانی کے بہاؤ سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں جو بغیر کسی خرابی کے آسانی سے نیچے بنے جوہڑ میں گرتا ہو۔ یہ آئیڈیا دیوار کو نئے انداز میں سجانے اور سب کی توجہ حاصل کرنے کا شاندار طریقہ ہے۔

لیونگ روم

گھر میں مہمانوں کو بٹھانے کے لیے لیونگ روم کی سجاوٹ و آرائش کا بےحد خیال رکھا جاتا ہے۔ اگر دوران تعمیر لیونگ روم میں پانی کی آرائش والی دیوار تعمیر کروالی جائے تو یہ آپ کے لیونگ روم کی خوبصورتی میں کئی گنا اضافہ کرسکتی ہے۔ اس کے لیے مرکزی دیوار میں پتھروں سے سجاوٹ کرکے، مارکیٹ میں دستیاب چھوٹی مصنوعی آبشار لگادیں۔ 

دیوار کی تعمیر کے لیے گرینائٹ کا استعمال ایک بہترین انتخاب ہے۔ اس کے علاوہ اُوپر کی جانب ہینگنگ پلانٹس کا اضافہ کردیں۔ آپ کا لیونگ روم انتہائی خوشگوار ماحول ترتیب دے گا۔ لیونگ روم میں پانی کی آرائش والی دیوار کی تعمیر کے آئیڈیے پر عمل کرنےکے لیےاینجیلاداناڈجیوا کے گھر میں ڈیزائن کردہ دیوار سے بھی استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

سیڑھیوں کا نچلا حصہ

سیڑھیوں کے نچلے حصے میں اسٹوریج یا اس سے ملحقہ دیوار کے لیے ہم لائبریر ی شیلف یا اسٹوریج کی تعمیر پر بھی بات کرتے رہتے ہیں لیکن اگر آپ اپنے گھر کے لیے کچھ لگژری اسٹائل کے خواہشمند ہیں تو سیڑھیوں کے نچلے حصے والی دیوار کے لیے آبشار کا انتخاب کریں۔ ان دیواروں پر آبشار بنوانے کے لیےشیشے کا استعمال کیا جاتا ہے، جو لوگوں کو اس پر نظریں ٹھہرا نے پر مجبور کردیتا ہے۔

کنکریٹ کا فوارہ

کنکریٹ سے بنا فوارہ دیوار اور پانی کے امتزاج سے جادوئی اثر دیتا ہے۔ کنکریٹ کے فوارے میں آدھی دیوار ہوتی ہے، جسے باغیچے کے مرکز میں بنایا جاسکتا ہے اور موٹر کی مدد سے پانی کو( آپ کے انتخاب کے مطابق) ہوا میں اچھالا جاتا ہے۔ ایسے میں باغ میں پانی کے مستقل بہاؤ کے دوران آپ اپنی پسند کی قدرتی خوبصورتی حاصل کر سکیں گے۔

باغیچے کی دیوار میں فوارہ

آپ کا باغیچہ چاہے چھوٹا ہو یا بڑا، دیوار میں فوارہ آپ اس کے کسی بھی حصے میں لگا سکتے ہیں۔ باغیچےکی دیوار پر لگا ننھا سا فوارہ، جس کا پانی سفید پتھروں میں گرتا ہو، نہایت دلکش لگتا ہے۔ مختلف بناوٹ اور رنگوں سے بنا یہ پورا منظر سکون اور تازگی بھرا احساس دیتا ہے۔

پانی کا گڑھا

اگر آپ اپنے گھر میں کسی خوبصورت آبشار کے خواہشمند ہیں لیکن آپ کا بجٹ اس کی اجازت نہیں دیتا تو لان میں کچھ جگہ پانی کے لیے مختص کریں۔ اس حصے میں پتھروں اور لکڑی سےچاروں کنارے بلاک کریں اور اس کے ایک حصے میں پانی کا بڑا گڑھا بنوالیں۔ فوارے کے ذریعے اس گڑھے میں گرتاپانی کسی خوبصورت آبشار سے کم محسوس نہیں ہوگا۔

مارکیٹ میں دستیاب فوارے

بطور ڈیکوریشن پیسز دیوار میں لگانے کے لیے مصنوعی فوارے بھی مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ یہ ڈیکوریشن پیسز پینل کی صورت میں موجود ہوتے ہیں، جنہیں دور سے دیکھنے پر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ان میں سے پانی گررہا ہو۔

٭ کمرے کے لیے پلاسٹک کے فوراے جادوئی ثابت ہوسکتے ہیں۔

٭ کنکریٹ کا فوارہ، جس میں آدھی دیوار ہوتی ہے، اسے آپ اپنے گھر کے باغ کےمرکز میں بناسکتے ہیں اور موٹر کی مدد سے پانی کو اپنے انتخاب کے مطابق ہوا میں اچھال سکتےہیں۔ ایسے کرنے سے آپ اپنے باغ میں اپنی پسند کے مطابق قدرتی خوبصورتی حاصل کر سکیں گے۔

٭آپ کے اپنے بیڈروم کے لیے ٹیبل ٹاپ فوارہ ایک بہترین انتخاب ثابت ہوسکتا ہے۔ اگر آپ اپنی خواب گاہ میں دلکش نظارہ اور دل کو سکون دینے والی پانی کی فطری آواز، ایک ساتھ چاہتے ہیں تو پلاٹنر کے ساتھ ٹیبل ٹاپ فوارہ بہترین انتخاب ہوسکتا ہے۔

٭پانی کو پیتل کے رنگ کے چار پیالوں سے لکڑی کے اسٹینڈ پر تالاب نما بیسن میں گرائیں۔ پانی گرنے کی آواز اور اس آبشار کی خوبصورتی مسحور کن معلوم ہوگی۔