پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے چھٹے میچ میں بھی کراچی کنگز کو ہار کا مزہ چکھنا پڑا ہے، اسے پشاور زلمی نے 55 رنز سے زیر کردیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوررز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز ہی بناسکی۔
کراچی کنگز کے بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر نصف سنچری اسکور کی، تاہم گیندوں اور رنز میں زیادہ فرق نہ ہونے کی وجہ سے ان کے 59 رنز ٹیم پر دباؤ کا سبب بھی بن گئے۔
ناتجربہ کار بیٹنگ لائن پر مشتمل کراچی کنگز کے بیٹرز میں جو کلارک کے 25 رنز کے علاوہ کسی دوسرے کھلاڑی کی خاطر خواہ کارکردگی نہ رہی۔
پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور سلمان ارشاد نے دو دو جبکہ محمد عمر اور لیام لونگسٹن نے ایک ایک وکٹ لی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز حضرت اللّٰہ اور محمد حارث نے کیا اور 97 رنز کی پہلی وکٹ پر شراکت قائم کی۔
زلمی کی پہلی وکٹ محمد نبی نے حاصل کی، انہوں نے 49 رنز بنانے والے محمد حارث کو بولڈ کیا۔
دوسری وکٹ 6 رنز بنانے والے لیونگ اسٹون کی تھی جنہیں جارڈن نے پویلین کی راہ دکھائی۔
کراچی کنگز نے زلمی کی تیسری وکٹ 13 ویں اوور میں حاصل کی جب حضرت اللّٰہ 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
زلمی کے شعیب ملک 31 رنز، بین کٹنگ 26 اور ردر فورٹ 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
کراچی کی جانب سے جارڈن نے 3 جبکہ عماد، عمید اور قاسم اکرم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یوں کراچی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔
خیال رہے کہ کراچی کنگز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔