• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ہم سب کراؤڈ کو انجوائے کر رہے ہیں، حارث رؤف
ہم سب کراؤڈ کو انجوائے کر رہے ہیں، حارث رؤف

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ ہمیں امید تھی کہ لاہور کے فینز سے لاہور قلندرز کو سپورٹ ملے گی اور اس کے لئے ہم پہلے سے ہی منتظر تھے۔

حارث روف نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے شائقین جس بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آتے ہیں، دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، ہم سب کراؤڈ کو انجوائے کر رہے ہیں، ہوم کراؤڈ کی سپورٹ کے لئے ہم پہلے سے بہت پرجوش تھے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے کراؤڈ کی الگ بات ہے، جب وہ شور مچاتے ہیں، سیٹیاں مارتے ہیں تو ہم سب کو اچھا لگتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم سب دوست ہیں فیملی کی طرح رہتے ہیں، یہی کامیابی کی وجہ بن رہی ہے، ہم ایک دوسرے کو بیک کرتے ہیں اور ساتھ لے کر چلتے ہیں۔

لاہور قلندرز کے کھلاڑی خاص طور پر حارث رؤف اور راشد خان نئے نئے سیلی بریشن اسٹائل متعارف کرا رہے ہیں، اس حوالے سے حارث رؤف کا کہنا ہے کہ نئے نئے سیلی بریشنز کے اسٹائل انجوائے کرنے کے لئے اپناتے ہیں، سب کھلاڑی ایک دوسرے کو خوش رکھنے کی کوشش کرتے ہیں اور اسی لئے سیلی بریشن اسٹائل لاتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں لاہور قلندرز نے پہلے مرحلے میں شکست کا حساب برابر کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ ایونٹ کے پہلے مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی جس میں جیسن روئے نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی تھی۔

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے 6، 6 پوائنٹس ہیں جبکہ نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے یہ بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

کراچی کنگز کی ٹیم اب تک جیت سے محروم رہی ہے اور وہ ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔ 

کھیلوں کی خبریں سے مزید