• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ اور ثقلین مشتاق کو پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شان ٹیٹ آسٹریلیا کےخلاف سیریز کی تیاریوں کے دوران ذمےداریاں سنبھالیں گے۔

ذرائع نے یہ بھی کہا کہ محمد یوسف پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہوں گے۔

ثقلین مشتاق اور شان ٹیٹ کی تقرریاں 12 ماہ کے لیے ہوئی ہیں، جبکہ محمد یوسف پاک آسٹریلیا سیریز کے لیے بیٹنگ کوچ ہوں گے۔

اس کے علاوہ عبدالمجید فیلڈنگ کوچ کی ذمے داریاں نبھاتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔


گزشتہ دنوں کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورۂ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔

گزشتہ دنوں ہی پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا ، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔

آسٹریلوی ٹیم 4سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائینگے۔

دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید