• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھبرائے ہوؤں کو چوہدری شجاعت کی صحت کا خیال آگیا، عمران خان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے جو لوگ گھبرائے ہوئے ہیں انہیں اب چوہدری شجاعت کی صحت کا خیال آگیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ہائڈرو پاور ڈیولپمنٹ سےمتعلق منعقدہ بین الاقوامی سمپوزیم سے خطاب کے دوران مونس الہیٰ سے کہا کہ ہمارا آپ کی فیملی پر مکمل اعتماد ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو خود گھبرائے ہوئے ہیں، اپوزیشن والے آج بیس برس پرانی فوتگیوں پر بھی پہنچ رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ مونس الہی صاحب نے کالا باغ ڈیم کی بات کی ہے، کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو پانی ذخیرہ کرنے کی ضرورت ہے، کالا باغ ڈیم اچھی سائٹ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے بھائیوں کو کالا باغ ڈیم پر قائل نہیں کریں گے تو ملک کیخلاف قوتیں انہیں استعمال کریں گی، پاکستان کے خلاف قوتیں انہیں کہیں گی کہ آپ کا پانی چوری ہوگیا ہے، سندھ کے لوگوں کو قائل کرنے کے لئے مہم چلانا ہوگی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لوگوں کو سائنٹفک بتانا ہوگا کہ کالا باغ ڈیم بننے سے انہیں نقصان نہیں بلکہ فائدہ ہوگا، لوگوں کو قائل کرنے سے پہلے کالاباغ ڈیم شروع کریں گے تو انتشار پھیلانے والے اسے استعمال کریں گے۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرا یہ نکتہ نظر ہے ہم فیڈریشن ہیں، فیڈریشن میں تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں، چائنا پانچ ہزار ڈیم بنا چکا ہے، فیول پر بجلی بناتے ہیں، فیول کی قیمت بڑھتی ہے تو بجلی کی قیمت بڑھ جاتی ہے، اگر پانی سے بجلی بناتے تو ہمیں بجلی مہنگی نہ کرنا پڑتی۔

انہوں نے کہا کہ لانگ ٹرم پلاننگ سے دنیا آگے بڑھ رہی ہے، ہم نے الیکشن کا سوچنے کے بجائے آگے کی پلاننگ کی ہے، ہمیں پانی کا پرابلم ہے، صوبے کہتے ہیں ہمارا پانی کم ہوگیا، آبادی بڑھ رہی ہے، ہمیں کاشت کیلئے مزید پانی کی ضرورت ہوگی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ڈی آئی خان میں زمین پڑی ہے، لیکن پانی نہیں ہے، بلوچستان میں لاکھوں ایکڑ زمین موجود ہے، پانی مل جائے تو گندم ایکسپورٹ کرسکتے ہیں، بدقسمتی سے ہم نے پانی ذخیرہ نہیں کیا، پانی سے بجلی بناتے ہیں تو کلائمنٹ چینج کا مسئلہ بھی کم ہوجاتا ہے، ٹنل ٹیکنالوجی ڈیم اور سیاحت کے لئے بہت ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوئٹزرلینڈ کے پاس ٹنل ٹیکنالوجی ہے، پہاڑوں میں راستے بنا دیئے ہیں، کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو پانی کی ضرورت ہے۔

قومی خبریں سے مزید