سینئر صحافی محسن بیگ کی گرفتاری وفاقی وزیر مراد سعید کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر پر عمل میں آئی۔
مراد سعید نے الزام لگایا کہ محسن بیگ نے ٹی وی پروگرام میں توہین آمیز ریمارکس دیے اور عوام میں ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی۔
ایف آئی آر کے مطابق صحافی محسن بیگ کے خلاف سائبر کرائم ونگ لاہور میں مقدمہ درج کیا گیا، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ محسن بیگ نے ٹی وی پروگرام میں مراد سعید کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کی، بے بنیاد کہانی اور توہین آمیز ریمارکس دیے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ پروگرام سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا گیا، عوام میں مراد سعید کی ساکھ کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
صحافی محسن بیگ کی گرفتاری پر بیان جاری کرتے ہوئے ایف آئی اے نے بتایا کہ عدالت سے سرچ اینڈ سیز وارنٹ حاصل کیے گئے تھے، ہمارے سائبر کرائم کی ٹیم محسن بیگ کے ایف ایٹ میں واقع گھر گئی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران ملزم محسن بیگ، ان کے بیٹے اور ملازمین نے ایف آئی اے ٹیم پر سیدھی فائرنگ کی اور 2 افسران کو یرغمال بنا کر زدوکوب بھی کیا گیا۔