پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے 23ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کا 175 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 3 گیندوں قبل ہی پورا کرلیا۔
ملتان سلطانز کی طرف سے شان مسعود اور کپتان محمد رضوان نے اننگز اوپن کی، پہلی وکٹ 100 کے اسکور پر گری، شان مسعود 41 گیندوں پر 45 رنز بناکر امیر حمزہ کا شکار بنے۔
سلطانز کی دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر کپتان محمد رضوان تھے، جو 56 گیندوں پر 76 رنز بناکر جورڈن کی بال پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
ملتان کی تیسری وکٹ 141 رنز پر گری، ٹم ڈیوڈ 13 رنز بناکر امیر حمزہ کا دوسرا شکار بنے۔
اس کے بعد رئیلی روسو نے 14، خوشدل شاہ نے 21 رنز کی ناقابل شکست اننگز کے ذریعے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
ملتان سلطانز کی ٹیم 8 میچز میں 7 میں فتح اپنے نام کی جبکہ ایک مقابلے میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، یوں وہ ٹیبل پر 14 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔
کراچی کنگز کی یہ مسلسل 8ویں شکست ہے اور اس کا ایونٹ میں آگے کا سفر پہلے ہی رک چکا ہے۔
اسے قبل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
بابراعظم الیون نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 174 رنز بنائے، کنگز کی طرف سے شرجیل خان 36، جوئے کلارک 40 اور عماد وسیم ناقابل شکست 32 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ روحیل نذیر اور محمد نبی نے 21،21 رنز کی باری کھیلی۔
ملتان سلطانز کی طرف سے شاہنواز دھانی نے 2، عمران طاہر، خوشدل شاہ، رومان رئیس، موزارابانی نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
بابر اعظم الیون اور محمد رضوان الیون ایونٹ میں اپنا اپنا 8واں میچ کھیل رہی ہیں، ملتان سلطانز اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے جبکہ کراچی کنگز پی ایس ایل 7 سے باہر ہوچکی ہے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ آج کا میچ جیت کر اچھا فنش کرنا چاہتے ہیں۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کسی میچ کو آسان نہیں لیا، ہمارے لیے ہر میچ اہم ہے، کوشش ہوتی ہے کہ ینگسٹر کو چانس دیں۔
کراچی کنگز کی طرف سے آج شرجیل خان ، بابراعظم ،جوئے کلارک، قاسم اکرم ، روحیل نذیر،محمد نبی، عماد وسیم،کرس جورڈن،جورڈن تھامسن، عمید آصف اور میر حمزہ میدان میں اترے۔
ملتان سلطانز کی فائنل الیون میں محمد رضوان، شان مسعود ، رئیلی روسو، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ ،امیر عظمت،آصف آفریدی، رومان رئیس، عمران طاہر، شاہنواز ڈہانی اور بلیسنگ موزارابانی شامل تھے۔