• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بولان: 5 افراد کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف ورثاء و برادری کا دھرنا، قومی شاہراہ بلاک


بولان میں دو ماہ قبل قتل کیے گئے 5 افراد کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر ورثاء اور رند برادری کے افراد نے بولان قومی شاہراہ پر دھرنا دے دیا اور ٹائر جلا کر شاہراہ بلاک کردی۔

بلوچستان کے ضلع کچھ میں 5 افراد کے قتل کے خلاف رند برادری اور دیگر قبائل نے وادی بولان کے مقام پر قومی شاہراہ پر دھرنا دے دیا۔

مظاہرین نے ٹائرجلا کر شاہراہ بلاک کردی جس کے باعث بلوچستان کا سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔ دونوں جانب ہزاروں مسافر اور مال بردار گاڑیو ں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

قومی شاہراہ بند ہونے سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بچوں کو دودھ نہ ملنے اور بزگوں کو بروقت خوراک نہ ملنے کے باعث ان کی حالت غیر ہوگئی۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث اور ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کو فوری گرفتار کرکے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے ورنہ یہ شاہراہ غیرمعینہ مدت کے لیے بند رہے گی۔

اس دوران ڈپٹی کمشنر بولان انتظامیہ اور لیویز کے ہمراہ دو مرتبہ مظاہرین کے پاس مذاکرات کے لیے پہنچے مگر وہ مزاکرات بےنتیجہ رہے اور ڈپٹی کمشنر واپس لوٹ گئے۔

مظاہرین نے رات کے اوقات میں شاہراہ کو بند رکھنے کے لیے قومی شاہراہ پر خیمہ بستی قائم کردی اور جونہی رات قریب ہوتی گئی سردی کی شدت میں بھی اضافہ دیکھا گیا سردی سے مسافروں اور معصوم بچوں کو بچانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے تاحال کوئی اقدامات نہیں کیے اور نہ ہی مسافروں کے پاس خوراک و راشن فراہم کرسکی ہے۔

قومی خبریں سے مزید