انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمنز ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے گئی پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کرائسٹ چرچ میں مینیجڈ آئسولیشن ختم ہوگئی۔
قومی ویمن کرکٹ ٹیم کرائسٹ چرچ کے ہوٹل منتقل ہوگئی ہے، ویمن کرکٹرز نے آج پہلا ٹریننگ سیشن بھی کیا، پہلا سیشن فزیکل ٹریننگ اور فیلڈنگ تک محدود رہا۔
گزشتہ روز بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بسمہ معروف نے کہا تھا کہ ہمارا ہدف سیمی فائنل میں جگہ بنانا ہے، پاک بھارت میچ کسی بھی کھلاڑی کے لیے صلاحیتیں دکھانے کا سنہری موقع ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل نیوزی لینڈ میں آئسولیشن 10روز سے کم کر کے 7 روز کر دی گئی تھی۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 4 مارچ سے 3 اپریل تک نیوزی لینڈ میں کھیلا جائے گا، پاکستان ٹیم 27 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا وارم آپ میچ کھیلے گی جبکہ دوسرا وارم آپ میچ 2 مارچ کو بنگلادیش کے خلاف کھیلا جائے گا۔
پاکستان ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 6 مارچ کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 میں پاکستان کے میچز:
6 مارچ: پاکستان بمقابلہ بھارت بمقام بے اوول، ترنگا
8 مارچ: پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا بمقام بے اوول، ترنگا
11 مارچ: پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ بمقام بے اوول، ترنگا
14 مارچ: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش بمقام سیڈون پارک، ہملٹن
21 مارچ: پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز بمقام سیڈون پارک، ہملٹن
24 مارچ: پاکستان بمقابلہ انگلینڈبمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ
26 مارچ: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈبمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ