پی ایس ایل کے گزشتہ شب کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز کا وننگ شاٹ لگانے والے رائیلی روسو نے جیت کے جشن کے اسٹائل پر وضاحت دے دی۔
ملتان سلطانز کے رائیلی روسو نے آخری چھکا لگانے کے بعد بلّا پھینک دیا تھا اور ہاتھ باندھ کر خاموشی سے کھڑے ہوگئے تھے، بعد ازاں نان اسٹرائکر اینڈ پر موجود خوشدل شاہ اُن کے قریب پہنچے اور گلے لگایا۔
روسو کی جانب سے جشن کے اس اسٹائل پر انہیں سوشل میڈیا پر کچھ صارفین تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے۔
کرکٹر نے اپنے جشن کے اسٹائل کی وضاحت میں کہا کہ یہ فیفا ورلڈ کپ 2018 جیتنے والی ٹیم فرانس کے نوجوان اسٹار کھلاڑی کیلیان مباپے کا ٹریڈ مارک اسٹائل ہے، جس سے وہ بہت متاثر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اسٹائل میں کسی کے لیے بے عزتی کا کوئی ارادہ یا مقصد نہیں تھا۔
اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے ملتان سلطانز کی میچ میں شاندار کارکردگی کی تعریف بھی کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کنگز کے خلاف کھیلتے ہوئے رائیلی روسو 5 گیندوں پر 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔
گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز نے ہارنے کی قسم جبکہ ملتان سلطانز نے جیت کی رسم نہ توڑی، کنگز کو بدترین کارکردگی کے بعد مسلسل آٹھویں شکست کی ہزیمت اٹھانا پڑی۔
ملتان نے کراچی کنگز کو سات وکٹ سے آئوٹ کلاس کردیا، بابر اعظم کی گراؤنڈ میں اور باہر وسیم اکرم کی بے بسی ان کے چہروں سے عیاں تھے۔
فاتح ٹیم نے 175 رنز کا ہدف انیسویں اوور کی تیسری گیند پر محض تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔