پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)7 کے 25ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 117 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں 8ویں فتح اپنے نام کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ملتان سلطانز کے 246 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 128 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یوں پی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن نے مقابلہ 117 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے عمر اکمل 50 اور جیسن روئے 28 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ سلطانز کی طرف سے شاہنواز دھانی، آصف آفریدی اور ڈیوڈ ویلی نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے پی ایس ایل 7 کا سب سے بڑا 246 رنز کا ہدف دیا۔
ملتان سلطانز کے اوپنرز محمد رضوان اور شان مسعود نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹیم کو 119 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔
دونوں بلے بازوں کے سامنے کوئٹہ کے بولرز بے بس نظر آئے، مقررہ 20 اوورز میں ملتان نے 3 وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔
شان مسعود 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ روسو نے برق رفتاری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 26 بالز پر 71 رنز اسکور کیے۔
خوشدل شاہ نے 4 بالز پر 10 رنز اسکور کیے، ٹم ڈیوڈ کوئی رن نہ بنا سکے وہ ناٹ آؤٹ وکٹ پر موجود رہے۔
ٹیم کے کپتان رضوان نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے 54 بالز پر 83 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ کی جانب سے عرفان، مدثر اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 کے آج کے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ملتان سلطانز کے کپتان نے ٹاس کے بعد بات کرتے ہوئے بتایا کہ پلے آف کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں، نئے تجربے کررہے ہیں اس لئے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں آج کے میچ کے لیے ایک تبدیلی کی گئی ہے، بلیسنگ موزربانی کی جگہ ڈیوڈ ولے کی واپسی ہوئی ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بولنگ ہی کرتے، کوشش کریں گے کہ ملتان سلطانز کو کم اسکور تک محدود کریں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، جیمز ونس اور خرم شہزاد کی جگہ احسن علی اور محمد عرفان کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 7 کے پوائنٹس ٹیبل میں ملتان سرفہرست ہے، اس کے 8 میچز میں 14 پوائنٹس ہیں، سلطانز پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 8 میچز میں 6 پوائنٹس ہیں اور وہ ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر ہے۔