کیف (جنگ نیوز )یوکرین میں ایک براہ راست ٹی وی شو کے دوران مقامی صحافی نے روس نواز سیاست دان نیسٹر شوفریخ پر حملہ کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین میں سیوک شسٹرز کے فریڈم آف اسپیچ ٹاک شو میں قانون ساز نیسٹر شوفریچ سمیت دیگر یوکرین کے سیاستدانوں کو مدعو کیا گیا تھا جس میں سابق صدر پیٹر پوروشینکو بھی شامل تھے۔گفتگو میں نیسٹر سے روسی صدر اور کریملن کی مذمت کرنے کو کہا گیا جس پر نیسٹر نے انکار کردیا۔ نیسٹر سے جب کہا گیا کہ پوٹن قاتل اور مجرم ہیں تو نیسٹر نے جواب میں کہا کہ یوکرین حکومت کو اس معاملے سے نمٹنے دیا جائے جس پر سابق صدر نے ناظرین کی طرف متوجہ ہوتے ہوئے کہا کہ ابھی اس وقت اسٹوڈیو میں پوٹن کا ایجنٹ موجود ہے۔پیٹرو کے ان الفاظ کے بعد مجمع میں سے بٹوسوو نامی صحافی اٹھا اور نیسٹر کے پاس آکر اُن کے منہ پر مکہ دے مارا جس کے بعد دونوں گتھم گتھا ہوگئے۔ نیسٹر نے حملہ آور کی گردن دبوچ لی تاہم اسٹوڈیو کے عملے نے دونوں کو ایک دوسرے سے علیحدہ کیا اور شو جاری رہا۔