• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرپور ائرپورٹ موومنٹ کے رہنماؤں کی ہائی کمشنر سےملاقات

لندن(نمائندہ جنگ) میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ موومنٹ کے رہنماؤں نے لارڈ قربان حسین کی قیادت میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل سے ملاقات کی۔اس موقع پر لارڈ قربان حسین نے برطانیہ میں پاکستان کےہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل کو آزاد کشمیر میں ائرپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے بیرون ملک اور اندرو ن ملک مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور یورپ میں لاکھوں کشمیر ی آباد ہیں جن کا مطالبہ ہے حکومت پاکستان اپنا وعدہ پورا کر تے ہوئے آزاد کشمیر میں انٹرنیشنل ائرپورٹ کی تعمیر کیلئے عملی اقدامات کرے تاکہ عوام کے اندر بڑھتا ہوا احساس محرومی ختم ہو۔ انہوں نے کہا ائر پورٹ کی تعمیر سے ریونیو اورعوام کو روزگار ملے گا۔ سیاحتی انڈسٹری کو فروغ حاصل ہو گا ۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے لارڈ قربان اور میرپور انٹرنیشنل موومنٹ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ائر پورٹ کامطالبہ ایک جائز مطالبہ ہے ، یہ بننا چاہئے، حکومت پاکستان اس مطالبے کا بغور جائزہ لے گی اور میرپور ڈویژن میں ایرپورٹ کی تعمیر کیلئےجگہ کا معائنہ اور ماہرین کےسروے کی رپورٹ کے مطابق منصوبے کو عملی شکل دینے کیلئے معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا، ائرپورٹ کی تعمیر کیلئے سرمایہ کی بھی ضرورت ہو گی، اس کیلئےبھی اقدامات کئے جائیں گے۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے میرپور انٹرنیشنل ائرپورٹ موومنٹ کے نمائندوں سے تجاویز بھی مانگی ۔ اس موقع پر لارڈ قربان حسین کی قیادت میں میر پور ائر پورٹ موومنٹ کے نمائندوں نے ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل کو عوام کے13ہزار دستخطوں پر مشتمل پٹیشن دی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر فیصل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا میرپور ائرپورٹ کے نمائندوں سے ملاقات انتہائی خوشگوار رہی یہ ان کاجائز عوامی مطالبہ ہے ، حکومت اس کاجائزہ لے گی ۔ ملاقات میں چوہدری محمد عظیم، امجد امین بوبی، منیر خان پوری، عاطف منیر ، شیراز خان، لائق علی خان ودیگر نے تجاویز دیں۔ملاقات میں چوہدری محمد شباب، محمد عنصر، رفیق جیالوی،امجد امین بوبیو دیگر نے برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل کااور لارڈ قربان حسین کا شکریہ ادا کیا اور ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
یورپ سے سے مزید