• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئرلینڈ: اپوزیشن جماعت کی سربراہ نے الیکشن کے روز بچی کو جنم دیا

ڈبلن(نیوز ڈیسک)آئرلینڈ کی اپوزیشن جماعت سوشل ڈیموکریٹس پارٹی کی سربراہ ہولی کیرنز نے ملک میں عام انتخابات کے دوران پولنگ کے روز بچی کو جنم دے دیا۔خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آئرلینڈ کی سوشل ڈیموکریٹس پارٹی کی سربراہ 35سالہ ہولی کینز نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ میں اپنی تصویر جاری کی اور اپنی نومولود بچی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں ہیں۔ہولی کینز آئرلینڈ کے کورک ساؤتھ ویسٹ حلقے سے دوبارہ الیکشن لڑ رہی ہیں اور رواں ہفتے کے شروع میں آئرش ٹائمز اور ایپسوس بی اینڈ اے کے جاری کردہ پولز کے نتائج کے مطابق ان کی جماعت ملک کی چوتھی مقبول ترین جماعت ہے۔آئرلینڈ کی پارلیمنٹ میں انہوں نے اپنے حمل کے دوران قائد حزب اختلاف کا کردار بخوبی نبھایا لیکن انتخابی مہم کے دوران کئی مواقع پر ان کے نائب سیان او کیلیگان نے پارٹی کی نمائندگی کی۔ان کی عدم دستیابی کے باعث ڈپٹی لیڈر نے ٹیلی ویژن میں نشر ہونے والے مکالموں میں بھی ان کے متبادل کے طور پر حصہ لیا۔سوشل ڈیموکریٹس پارٹی کی رکن اور ان کی ساتھی جنیفر وائٹمور نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے ساتھ بچے ہوتے ہیں اور ہمیں ان کے ساتھ تعاون کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ سیاست میں زیادہ خواتین حصہ لیں تو ہمیں ان کا ساتھ دینا ہوگا۔
یورپ سے سے مزید