پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) 7 کے کوالیفائر میں لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے کر ملتان سلطانز فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
محمد رضوان کی ملتان سلطانز جو ایونٹ میں اپنا 11واں میچ کھیل رہی تھی، نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹ پر اسکور بورڈ پر 163 رنز سجادیے اور لاہور قلندرز کو 164 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی بیٹنگ کے دوران جب تک فخر زمان وکٹ پر موجود رہے، ملتان سلطانز کی شکست کے آثار نمایاں تھے۔
فخر زمان نے 43 گیندوں پر 63 رنز کی باری کھیلی، اس دوران انہوں نے 4 چھکے اور 2 چوکے لگائے، وہ لاہور قلندرز کے آؤٹ ہونے والے 5ویں بیٹر تھے۔
لاہور قلندرز کی اس کے بعد وکٹ گرنے کاسلسلہ جاری رہا اور ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9وکٹ پر 135 رنز ہی بناسکی۔
لاہور قلندرز کی طرف سے کامران غلام 20، ہیری بروک 13، سمت پٹیل 11 رنز بناکر پویلین لوٹے، کوئی اور کھلاڑی دہراہندسہ عبور نہ کرسکا۔
ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی نے 3، ڈیوڈ ویلی نے 2 ،آصف آفریدی، خوشدل شاہ اور رومان رئیس نے 1،1وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل میچ میں ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ 3 کے اسکور پر گری، شان مسعود صرف 2 رنز بناکر ٹی 20 کرکٹ میں محمد حفیظ کا 200واں شکار بنے۔
اس کے بعد کپتان محمد رضوان نے عامر عظمت کے ساتھ دوسری وکٹ پر 47 رنز کا اضافہ کیا، 22 گیندوں پر 33 رنز بناکر عامر عظمت سمت پٹیل کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
تیسری وکٹ پر محمد رضوان کا ساتھ دینے کے لیے رئیلی روسو آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 112 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔
دونوں نے لاہور قلندرز کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کرلیں، رئیلی روسو نے 42 گیندوں پر 65 اور محمد رضوان نے 51 گیندوں پر 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
لاہور قلندرز کی طرف سے محمد حفیظ اور سمت پٹیل نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
پی ایس ایل کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں 12ویں بار مدمقابل ہیں، اس سے قبل کے 11 مقابلوں میں ملتان سلطانز کا پلڑا بھاری رہا، جس نے 6 میں فتوحات حاصل کیں جبکہ 5 بار جیت لاہور قلندرز کے نام رہی۔
ملتان سلطانز کی فائنل الیون میں محمد رضوان، شان مسعود، رئیلی روسو، جونسن چارلیز،خوشدل شاہ ،ڈیوڈ ویلی،امیر عظمت ،آصف آفریدی، رومان رئیس، عمران طاہراور شاہنواز دھانی شامل تھے۔
لاہور قلندرز کی طرف سے فخر زمان، عبداللہ شفیق، محمد حفیظ، کامران غلام، فل سالٹ، ہیری بروک، ڈیوڈ ویسا، سُمت پٹیل، شاہین شاہ آفریدی، حارث روف اور زمان خان میدان میں اترے۔
شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر محمد رضوان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور کہا کہ ہماری آج کی بیٹنگ تھوڑی مضبوط ہے، اوور آل اچھی کرکٹ کھیلیں گے تو میچ جیت جائیں گے۔
محمد رضوان نے اس موقع پر کہا کہ پریشر والے میچ میں دونوں ٹیموں پر دباؤ ہوتا ہے، ہماری بیٹنگ اور بولنگ اچھی ہے، فیلڈنگ بھی اچھی ہوجائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ جو اچھی کرکٹ کھیلے گا وہی جیتے گا، کوشش ہوتی ہے حریف ٹیم کی غلطیوں سے فائدہ اٹھائیں۔