پیارے بچو! قدرت کی بے شمار خوب صورت اور رنگ برنگی مخلوقات میں سے ایک بووَر برڈ (Bower Bird) بھی ہے جو رنگ دار اور چمکیلی اشیاء سے اپنا گھر سجانے کے لیے مشہور ہے ۔ یہ نسل انڈونیشیا کے جزیرے نیو گنی کے علاقے Vogelkop میں پائی جاتی ہے۔ ایک دل چسپ بات یہ ہے یہ پرندہ نقّالی بھی کرسکتا ہے خاص کر طوطے کی آواز بہت اچھی نکالتا ہے۔
نَر بووَر نہایت مہارت سے اپنا گھر بناتا ہے اور بعد میں اس کی سجاوٹ اور آرائش کرتا ہے۔ چند موٹے تنکوں سے ستون بناتا ہے اور اس پر کئی تنکے رکھ کر جھونپڑی نما گھر مکمل کرلیتا ہے۔ گھر تیّار کرنے کے بعد نر بووَر اس کے داخلی دروازے کے سامنے کا حصّہ صاف کرکے اسے مختلف اشیا سے سجا تا ہے۔
مادہ کو اس گھر کی جانب متوجہ کرنے کے لیے نَر بوور پھول، مختلف خشک پتّے، پھل، بیج اور ایسے کیڑے اٹھا کر لاتا ہے جو چمک دار ہوتے ہیں۔ ان کے علاوہ یہ پرندہ اپنے آشیانے کے سامنے کوئلہ، مختلف اقسام اور رنگوں کی پھپھوندیوں حتّٰی کہ ہرن کی مینگنیوں کے چھوٹے چھوٹے ڈھیر لگا دیتا ہے۔ اس کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے ٹھکانے کے سامنے ہر رنگ اکٹھا کر لے جو مادہ کے لیے کشش کا باعث بن سکے۔
بوور ان اشیاء کو لاکر یونہی نہیں پھینک دیتا بلکہ انھیں گھر کے آگے ایک خاص ترتیب سے رکھتا ہے۔ اکثر یہ دوسرے پرندے کی جھونپڑی سے بھی چیزیں چُرا کر لے آتا ہے۔ بووَر انسانوں کی پھینکی ہوئی چیزیں مثلاً پلاسٹک کی بوتلیں، اس کے رنگ دار ڈھکن وغیرہ بھی اس سجاوٹ میں شامل کرلیتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ یہ پرندہ وقتاً فوقتاً اپنی جھونپڑی کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی سجاوٹ میں رد و بدل کرتا رہتا ہے۔
اس پرندے کی مادہ قریبی درخت پر بیٹھ کر سجاوٹ پر نظر رکھتی ہے اور جس نر کا گھونسلہ پسند آجائے وہ اُس میں رہتی ہے۔