• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شین وارن نے تھائی لینڈ آنے سے قبل سینے میں درد کی شکایت کی تھی: منیجر کا انکشاف

آسٹریلوی اسپن لیجنڈ شین وارن کے منیجر جیمز ایرسکائن نے انکشاف کیا ہے کہ شین وارن نے حال ہی میں چھٹیوں پر روانہ ہونے سے قبل سینے میں درد اور پسینہ آنے کی شکایت کی تھی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شین وارن کے منیجر جیمز ایرسکائن نے انکشاف کیا ہے کہ کرکٹر نے مرنے سے قبل ناقص غذاؤں کا استعمال کیا جس میں مکھن والے بن اور جوس شامل تھے۔

منیجر نے کہا کہ جب شین وارن چھٹیوں کے لیے تھائی لینڈ جارہے تھے تو اُس وقت اُنہیں سینے میں درد اور زیادہ پسینہ آنے کی شکایت ہوئی تھی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ شین وارن نے واضح طور پر اپنی زندگی کا زیادہ تر حصہ سگریٹ نوشی پر وقف کیا اور میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ اُنہیں اچانک دل کا دورہ پڑا یا اُس کے پیچھے کی وجوہات میں سگریٹ نوشی اور سینے میں درد تھا۔

خیال رہے کہ جمعے کے روز 52 سالہ شین وارن دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔

اس حوالے سے کرکٹر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شین وارن تھائی لینڈ کے وِلا میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، ان کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا تھا۔

اس معاملے کی تحقیقات کرنے والی تھائی لینڈ پولیس کا کہنا ہے کہ جس کمرے میں شین وارن ٹھہرے ہوئے تھے اس میں زمین پر خون کے کافی دھبے ملے۔

مقامی پولیس کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ شین وارن کے کمرے میں خون کے دھبے زیادہ تھے، جبکہ تولیے پر بھی خون کے نشانات ملے۔

انہوں نے بتایا کہ جب شین وارن کو سی پی آر دیا گیا اس وقت ان کے منہ سے خون نکلا تھا۔

اپنی موت سے چند روز قبل ایک انسٹاگرام پوسٹ میں، شین وارن نے اپنی ایک پرانی تصویر پوسٹ کی تھی جس میں اعلان کیا گیا تھا کہ اُنہوں نے وزن کم کرنے کا نظام شروع کر دیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید