• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شین وارن کی زندگی کا سب سے مشکل لمحہ کونسا تھا؟

گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال کرجانے والے آسٹریلوی لیجنڈری کرکٹر شین وارن نے اپنی سابقہ اہلیہ سے طلاق کو اپنی زندگی کا سب سے مشکل لمحہ قرار دیا تھا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شین وارن نے اپنی موت سے چند ماہ قبل اپنی سابقہ اہلیہ سیمون کالہان سے طلاق پر کھل کر بات کی تھی اور کہا تھا کہ یہ اُن کی زندگی کا سب سے سخت ترین وقت تھا۔

 شین وارن نے کہا تھا کہ طلاق لینا میری زندگی اور میرے بچوں کے لیے ایک مشکل وقت تھا، اور یہ میری غلطی تھی۔ اس لیے مجھے اپنی باقی زندگی اسی کے ساتھ رہنا ہے، یہ آسان نہیں تھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ سال 2005 میں ایشز سیریز سے ایک ہفتہ قبل، ہم نے طلاق لی تھی، اُس وقت اپنے کھیل کو برقرار رکھنا انتہائی مشکل تھا۔

آسٹریلوی کرکٹر نے یہ بھی بتایا کہ اُنہیں برطانوی کرکٹ شائقین کی جانب سے اپنی طلاق کے بارے میں مسلسل ظالمانہ نعرے بھی برداشت کرنا پڑے تھے۔

شین وارن نے کہا کہ برطانوی کرکٹ شائقین مسلسل نعرے لگاتے تھے اور پوچھتے تھے کہ تمہاری بیوی کہاں گئی؟ اور ان نعروں کا میری ذہنی صحت پر گہرا اثر پڑتا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں وہاں بیٹھا اپنے بچوں کے بارے میں فکر مند تھا، تو طلاق کی وجہ سے، میں کافی تباہ ہو گیا تھا۔ یہ میری زندگی کا سب سے بُرا اور مشکل وقت تھا۔

واضح رہے کہ شین وارن نے سال 1995 میں سیمون سے شادی کی تھی، اس جوڑے کے تین بچے ہیں۔

سال 2005 میں طلاق کے بعد، ان کی مختصر مدت کے لیے ایک بار پھر صلح ہوگئی تھی لیکن 2010 میں وہ دوبارہ الگ ہوگئے تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید