کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ، جنرل سیکرٹری جاوید اقبال، میر وائس کاکڑ ایڈووکیٹ، ارباب اقبال، ذاکر بنگلزئی، نصیر خان ترین، ضمیر اختر، آصف حریفال اور نثار اچکزئی نے بیان میں کہا ہے کہ واسا ملازمین کی ہر ماہ تنخواہ نامعلوم وجوہات کی بناء پر بند کردی جاتی ہے جو قابل مذمت عمل ہے لہٰذا واسا ملازمین کی تنخواہ فوری جاری کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی بجائے غریب ملازمین کے مسائل کے حل پر فوری توجہ دے۔ درایں اثناء انہوں نے کہا کہ ہم نے فیڈریشن کی سیاست کرنے والی پارٹی مسلم لیگ(ن) کا انتخاب اس لئے کیا کہ یہ پاکستان کی خالق جماعت ہے ورنہ فیڈریشن کی سیاست کی اور بھی جماعتیں ہیں ہمیں میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد ہے انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی قیادت صوبے میں صرف صدر اور جنرل سیکرٹری کے علاوہ کسی کو نہیں جانتی جو المیہ ہے صوبے کے ورکروں اور تنظیم کا مرکز کو کچھ علم نہیں ہونا تو یہ چاہئے کہ مرکزی عہدیدار یہاں آئیں اورپارٹی و کارکنوں کی مشکلات کو دیکھیں ورکروں اور تنظیموں سے ملیں تاکہ انہیں معلوم ہوا کہ یہاں پارٹی پوزیشن کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اورایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن شہر کے تمام ترقیاتی کام جوسابق ایڈمنسٹریٹر نے روک دیئے تھے فوری طور پر مکمل کیے جائیں کیونکہ ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے پورا شہر کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے ۔