ایسے افراد جو امراضِ قلب اور معدے کی مختلف بیماریوں کا شکار ہیں، اُنہیں امرود کا استعمال لازمی کرنا چاہیے۔
ماہرین کے مطابق، امرود بطور دوا اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتا، اس کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے یہ پھل بھی بہت لذیز ہے۔
امرود قوتِ ہاضمہ کو بہتر کرتا ہے اور امراضِ قلب سے بھی نجات دلاتا ہے، اس کے علاوہ یہ ذہنی امراض، بواسیر اور زکام سے چھٹکارا حاصل کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
جرنل آف ہیومن ہائی ٹینشن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، امرود جسم میں کولیسٹرول کو کنٹرول کرتا ہے جس کی وجہ سے دل کی کئی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔
جبکہ امرود قبض کے پرانے مریضوں کے لیے تو بہت ہی مفید پھل ہے، یہی نہیں بلکہ امرود کے بیج پیٹ کے اضافی کیڑوں کو مارتے ہیں، تھوڑی سی کالی مرچ اور نمک لگا کر امرود کھانا زیادہ فائدہ مند رہتا ہے۔
کھانے سے پہلے امرود کھانا زیادہ بہتر ہے کیونکہ اس سے بھوک لگتی ہے لیکن کھانا کھانے کے بعد امرود کھانے سے قبض ہونے کا خدشہ ہے۔
امرود کا مزاج سرد ہے اس لیے ایسے افراد جنہیں موسمِ گرما میں نکسیر پھوٹنے کا عارضہ ہو، ان کے لیے امرود کا استعمال بہت بہترین ہے۔
یہ پھل انسانی جسم میں قوتِ مدافعت پیدا کرتا ہے اور ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لئے نہایت مفید پھل ہے۔
امرود میں اینٹی آکسیڈنٹس کی موجودگی کی وجہ سے یہ انسانی جسم میں خلیات کو محفوظ رکھتا ہے جس کی وجہ سے انسان پر جلدی بڑھاپے کے اثرات نمایاں نہیں ہوتے۔
امرود میں لائیکوپین بھی پایا جاتا ہے، جو کہ جسم میں رسولیاں بننے سے روکتا ہے جس سے کینسر کے خدشات کم ہوجاتے ہیں۔
اس کے علاوہ یہ پھل ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی بہت مفید ہے کیونکہ یہ جسم میں شوگر کی مقدار کو کم کرتا ہے۔
امرود کی اقسام
امرود کی دو اقسام ہیں:
1- سرخی مائل گلابی امرود
2- سفیدامرود
سفید امرود کے مقابلے میں سرخی مائل گلابی امرود صحت کے لیے زیادہ مفید ہوتے ہیں۔