وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس کو نیا چھانگا مانگا بنائیں گے تو عوام کی نفرت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سندھ ہاؤس پر پی ٹی آئی کے کارکنان کے احتجاج پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ عوام کے جذبات سے کھیلنا بند کریں اور عوام کے مینڈیٹ کا احترام کریں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اسد عمر نے کارکنان کو تحمل اور بردباری کا درس دیتے ہوئے سندھ ہاؤس خالی کرنے کا کہا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بول کر گیٹ توڑ دیا تھا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنان لوٹے لے کر سندھ ہاؤس پہنچے اور سندھ ہاؤس کے قریب ریڈ زون میں داخل ہوگئے جہاں انہوں نے دھرنا دینے کے بعد سندھ ہاؤس پر دھاوا بول دیا۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاوس کا گیٹ توڑ دیا، پی آئی کے کارکن گیٹ توڑ کر سندھ ہاوس کے اندر داخل ہوگئے، کارکنوں کے لوٹے اٹھا کر نعرے بازی بھی کی۔
پولیس نے پی ٹی آئی کے دو ایم این ایز عطااللّٰہ اور فہیم خان کو گرفتار کرلیا ہے، یہ دونوں ایم این ایز پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ دھاوا بولنے کے وقت موجود تھے۔
پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔