• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منیب اور ایمن پر بھارتی فلم دیکھنے کیلئے پورا سینما بک کروانے پر تنقید

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی منیب بٹ اور ایمن خان کو بھارتی فلم دیکھنے کے لیے پورا سینما بُک کروانے پر شائقین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اداکار منیب بٹ نے بولی وڈ سپر اسٹار عالیہ بھٹ کی نئی فلم ʼگنگو بائی کاٹھیاواڑی دیکھنے کے لیے پورا سنیما ہی بک کروالیا۔سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی عالیہ بھٹ کی فلم ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ دنیا بھر میں ریلیز کی جا چکی ہے جس نے ریلیز کے پہلے ہفتے میں ہی دنیا بھر میں 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا۔تاہم منیب بٹ جو کہ ان دنوں اپنی اہلیہ اداکارہ ایمن خان اور بیٹی کے ہمراہ دبئی میں سیر سپاٹے کررہے ہیں، انہوں نے عالیہ کی فلم دیکھنے کے لیے پورا سنیما ہی بک کرالیا۔اداکار نے انسٹاگرام پر سنیما کی اسٹوری پوسٹ کی جس میں وہ اپنی اگلی سیٹ پر بیٹھی ایمن خان سے کہہ رہے ہیں کہ ʼایمن تمہارے لیے پورا سنیما بک کیا ہے۔ساتھ ہی منیب نے مضحکہ خیز انداز میں کہا کہ ʼاب اگر گنگو بائی فلم اچھی نہ ہوئی تو یہ نہ تھی قسمت ہماری (ڈرامہ) کی آخری قسط دیکھیں گے۔ویڈیو کے کیپشن میں منیب بٹ نے ʼپرائیویٹ شولکھا تاہم ویڈیو سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ منیب بٹ اور ایمن کے ہمراہ وہاں ان کے کچھ دیگر دوست بھی موجود تھے۔منیب بٹ کی پوسٹ پر مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ انہوں نے اہلیہ کو فلم دکھانے کے لیے جہاں پورا سینما بُک کروایا، وہیں انہوں نے مذکورہ کام پاکستانی نہیں بلکہ بھارتی فلم دیکھنے کے لیے کیا۔

دل لگی سے مزید