اکثر یہ بات کہی جاتی ہے کہ جب ایک فرد یا خاندان مکان یااپارٹمنٹ خریدنے نکلتے ہیں اور وہ جتنے بھی گھر دیکھتے ہیں اس حوالے سے اکثر سروے میں یہ بات سامنے آتی رہی ہے کہ اگر خریدنے والی پارٹی کو باورچی خانہ پسند آگیا تو سمجھو وہ اس گھر کو خرید لے گی یا پھر دوسرے نمبر پر لیونگ روم (رہائشی کمرہ) کے بارے میں یہی بات کہی جاتی ہے کہ خریدار پارٹی کو لبھانے کے لیے لیونگ روم کو خوبصورت بنانا ضروری ہے۔
اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ پہلا کمرہ جس میں آپ داخل ہوتے ہیں اور جہاں آپ اپنا زیادہ تر وقت گزارنے کا تصور کرتے ہیں، وہ لیونگ روم ہوتا ہے۔ اس لیے یہ ایک فطری بات ہے کہ آپ سب سے زیادہ اسی کے بارے میں سوچتے ہیں۔ ایسے میں اکثر خریدار گھر میں داخل ہوتے ہی لیونگ روم کو دیکھ کر اس کے بارے میں ایک تاثر قائم کرلیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ پہلا تاثر ہی آخری ہوتا ہے۔
لیکن آج ہم آپ کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ متذکرہ بالا تمام تصورات قصہ ماضی بن چکے ہیں۔ آج کے ڈیجیٹل دور میں گھر کے ایک نئے فیچر نے وہ اہمیت حاصل کرلی ہے جو کچھ عرصہ پہلے تک باورچی خانہ یا لیونگ روم کو حاصل تھی، بلکہ یہ نیا فیچر جس کی آج ہم بات کرنے والے ہیں وہ تو کمرہ بھی نہیں ہے۔ جی ہاں، ہم بات کررہے ہیں ’فرنٹ ڈور‘ کی!
فرنٹ ڈور کی بات سُن کر آپ کے ذہن میں عجیب خیالات اُبھر رہے ہوں گے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ خریداروں کے نئے عالمی رجحان سے یہ بات واضح ہورہی ہے کہ فرنٹ ڈور اب نئے دور کا لیونگ روم بنتا جارہا ہے۔ اس کی کیا وجہ ہے؟ کیونکہ یہ مکان کی پہلی چیز ہوتی ہے جو خریدار کو نظر آتی ہے، اور اس سے اس پر یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ گھر کتنا جدید اور ٹیکنالوجی پسند ہوگا۔
یقینی طور پر، کوئی بھی دروازے کی طرف زیادہ غور نہیں کرتا تھا، لیکن یہ اسمارٹ ہوم خصوصیات متعارف ہونے کے جدید دور سے قبل کی بات ہے اور اب اسمارٹ ٹیکنالوجی نے صورتِ حال بدل دی ہے۔ ماہرین کے مطابق، اب کوئی بھی گھر خریدنے سے قبل خریدار درج ذیل خصوصیات پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں:
ڈور بیل کیمرے
دروازے کی گھنٹی والے کیمرے جو کسی بھی نقل و حرکت کو پکڑتے ہیں، چاہے آپ گھر پر ہوں یا نہ ہوں۔ اس کے علاوہ، آپ کو مہمانوں سے بات کرنے کی سہولت دیتے ہیں، چاہے آپ گھر پر ہوں یا نہ ہوں۔ آج کے دور میں کوئی بھی نیا گھر، جس میں ڈور بیل کیمرے نصب نہ ہوں تو وہ پرانے زمانے کا محسوس ہوتا ہے اور خریدار بھی اس بات کا نوٹس لیتے ہیں۔ اگرچہ یہ نسبتاً آسانی سے خریدے اور نصب کیے جاسکتے ہیں، لیکن یہ اب بھی ایک پلس ہے کہ یہ گھر میں پہلے سے نصب شدہ ہوں۔
اسمارٹ لاک
اسمارٹ لاکس ایک اور انتہائی اہم ٹیک فیچر ہے، جس کا خریدار فوراً نوٹس لیتے ہیں۔ اسمارٹ لاک آپ کے لیے اور مہمانوں کے لیے گھر کا دروازہ کھولنا اور بند کرنا آسان بناتے ہیں۔ ان کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ بڑی بے فکری سے گھر سے باہر جاسکتے ہیں، یہ سوچتے ہوئے کہ دروازہ خود بہ خود لاک ہوجائے گا۔
زیادہ سے زیادہ سیکورٹی اور کنٹرول کے لیے اسمارٹ لاکس کو ہوم سیکیورٹی سسٹم کے ساتھ مربوط کیا جاسکتا ہے۔ جب کوئی خریدار دہلیز پر قدم رکھتے ہی اسے دیکھتا ہے تو اسے یہ تاثر ملتا ہے کہ گھر کی سیکیورٹی کا ٹھیک خیال رکھا گیا ہے اور یہ کہ موجودہ مکین ٹیکنالوجی کو اچھی طرح جانتا ہے، جس نے پہلے ہی گھر کو تمام ضروری اشیا سے آراستہ کر رکھا ہے۔
موشن ایکٹیویٹڈ فلڈ لائٹس اور اسمارٹ ہوم سسٹم
آپ اپنے گیراج، پچھلے دروازے یا میل باکس ایریا میں موشن ایکٹیویٹڈ فلڈ لائٹ کیمروں کو شامل کرنے پر غور کر سکتے ہیں، اگر وہ پہلے سے ہی آپ کے ڈور بیل کیمرے میں ضم نہیں ہیں۔ ایک اسمارٹ ہوم سسٹم جو آسان انٹرفیس کا استعمال آپ کو کسی بھی کمرے (یا آپ کے فون) سے روشنی، درجہ حرارت اور دیگر اہم نظاموں کو آسانی سے ایڈجسٹ کرنے کی سہولت دیتا ہے، اور یہ دروازے کے اندروالی طرف نصب کرنے کے لیے بھی ایک بہترین ٹیک ہے۔
یاد رکھیں: آج کے زمانے میں جب شہروں میں امن و امان اور سیکیورٹی کے مسائل ہیں اور لوگ اپنے گھروں میں بھی خود کو غیرمحفوظ سمجھتے ہیں، ایسے میں ایک ہائی ٹیک گھر فروخت میں آسان ہوتا ہے، لہٰذا اگر آپ خریداروں پر بہترین تاثر قائم کرنا چاہتے ہیں تو ان خصوصیات کو شامل کرنے پر ضرور غور کریں۔
یہاں یہ بات بھی غور طلب ہے کہ متذکرہ بالا تمام ٹیک سیکیورٹی فیچرز بہت زیادہ مہنگے نہیں ہیں، ایک خریدار گھر خریدنے کے بعد بھی ان فیچرز کو اپنے گھر میں شامل کرسکتا ہے لیکن اسے اگر یہ تمام سہولتیں گھر خریدنے سے پہلی ہی مل جائیں تو اس سے ناصرف اس کی گھر کی خریداری میں دلچسپی بڑھ جاتی ہے بلکہ وہ بعد کے کئی مسائل سے بھی بچ جاتا ہے۔