لندن ( مرتضیٰ علی شا ہ ) براڈ شیٹ کے سی ای او نے کہا ہے کہ انجم ڈار کا 25ملین ڈالر کی پیشکش میں نواز شریف سے کوئی تعلق نہیں تھا۔براڈ شیٹ کے سی ای او کاوے موسوی نے کہا ہے کہ انہوں نے تحقیقات کی تو یہ ثابت ہوا کہ جرمن پاکستانی انجم ڈار نواز شریف کا بھتیجا نہیں تھا اور اسے 2012 میں سابق وزیراعظم نے تحقیقات ختم کرنے کیلئے25 ملین ڈالر کی رشوت کی پیشکش کیلئےنہیں بھیجا تھا۔ اگرچہ انہوں نے قبل ازیں یہ دعویٰ کیا تھاکہ وہ نواز شریف کے بھانجے ہیں اور ثبوت کے طور پر ان کی ایک ساتھ تصاویر بھی پیش کیں۔ اس ہفتے کے اوائل میں نواز شریف سے معافی مانگنے کے بعد، اس نمائندے کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کاویح موسوی نے مزید انکشاف کیا ہے کہ براڈ شیٹ کی تحقیقات میں اب یہ ثابت ہو گیا ہے کہ جس شخص نے نواز شریف کا بھانجا ہونے کا دعویٰ کیا تھا وہ مکمل جھوٹ تھااور اس کا نواز شریف کےساتھ کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہیں تھا۔ تاہم اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ انجم ڈار نے کاویح موسوی سے ایک بار جرمنی میں اور دو بار لندن میں ملاقات کی تھی۔