• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرا جینا مرنا اپنی پارٹی اور عوام کے ساتھ ہے، بزدار


وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جب تک سانس میں سانس ہے وزیراعظم عمران خان کا ساتھ نبھاؤں گا، میرا جینا مرنا اپنی پارٹی اور عوام کے ساتھ ہے۔

عثمان بزدار سے صوبائی وزراء اور اراکین پنجاب اسمبلی کی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

ان ملاقاتوں کے موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ عہدہ آنی جانی چیز ہے، سیاست کو عبادت سمجھتا ہوں، اپوزیشن کی منفی سیاست کا نقصان ملک و قوم کو ہو رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں سردار آصف نکئی، آشفہ ریاض، اختر حیات ، سلیم سرور جوڑا، لیاقت علی، عامر نواز چانڈیا کے علاوہ گلریز افضل، اعجاز بندیشہ اور ٹکٹ ہولڈر احمد چٹھہ شامل تھے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قوم کیلئے امید کی واحد کرن ہیں، قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے، راہزن کون ہے اور راہبر کون؟ قوم جان چکی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم کو خودی کا پیغام دیا ہے، قوم کو عزت اور وقار سے جینا سکھایا ہے، حق و باطل کے معرکے میں جیت ہمیشہ سچ کی ہوتی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ آج بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں او رکل بھی اپنے لیڈر کا ساتھ دیں گے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل وزیر مملکت فرخ حبیب نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو پیش کردیا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی کی وزیراعظم عمران خان کیساتھ ملاقات میں تمام معاملات طے ہوگئے ہیں، ق لیگ نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار اور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید