پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان اگر سمجھتا ہے کہ وہ این آر او لے سکتا ہے تو یہ مشکل ہے، انہوں نے فیصلہ کیا کہ جاتے جاتے فارن پالیسی کو جتنا نقصان پہنچا سکتا ہے پہنچالے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے 175 ارکان قومی اسمبلی میں پیش کردیے ہیں، بھاگنے کا سلسلہ بند کرو اور پارلیمنٹ کا سامنا کرو۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان جمہوری طریقے کا احترام کرے، اب عمران کے بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں ہے، کب تک بھاگے گا ہر کسی کا پاؤں پکڑ رہا ہے میری کرسی بچائیں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ اتحادی اب اپوزیشن کے ساتھ مل چکے ہیں، اب کوئی بیک ڈور راستہ یا فیس سیونگ باقی نہیں ہے، وزیر اعظم استعفیٰ دیں اور شہباز شریف صاحب کو تحریک عدم اعتماد کا موقع دیں، آئین قانون جہموری روایت کے مطابق گنتی کروائیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان سمجھتا ہے وہ کوئی این آر او لے سکتا ہے تو اب بہت دیر ہوچکی، عمران خان سے اقتدار جمہوری طریقہ سے چھینا جارہا ہے، ہم نے عمران خان کو ہٹانے کے لیے جمہوری طریقہ اپنایا کسی عدالت کا دروازہ نہیں کھٹکھٹایا۔