• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تخت پنجاب کیلئے آج حمزہ شہباز اور پرویزالٰہی میں مقابلہ

لاہور(نمائندہ جنگ) تخت پنجاب کیلئے آج حمزہ شہباز اور چوہدری پرویزالٰہی میں مقابلہ ہوگا، وزیراعظم عمران خان نےپی ٹی آئی ارکان کو پنجاب میں وزارت اعلیٰ کیلئے پرویزالٰہی کوووٹ دینے کی ہدایت کردی۔

پنجاب میں ترین اور علیم گروپ نےحمزہ شہباز جبکہ چھینہ گروپ نےپرویزالٰہی کی حمایت کردی، پی ٹی آئی کے راجہ صغیرنےحمزہ شہبازکی حمایت کردی۔

تفصیلات کےمطابق پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کےانتخاب کیلئےاجلاس بھی آج دن11:30پر ہوگا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ کیلئے ووٹنگ ہوگی،تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی اور متحدہ اپوزیشن کی جانب سے حمزہ شہباز شریف امیدوار ہیں۔

گزشتہ روز حمزہ شہباز اور پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ کےانتخاب کیلئےکاغذات نامزدگی جمع کرادیئے،پیپلز پار ٹی کے حسن مرتضیٰ حمزہ شہباز کے تجویز کنندہ ہیں۔ 

حمزہ شہباز کے کاغذات نامزدگی متحدہ اپوزیشن ،حکومتی امیدوارپرویز الٰہی کی طرف سے راجہ بشارت نے کاغذات جمع کرائے۔سیکرٹری آفس میں دونوں امیدواروں کے کاغذات کی اسکروٹنی کی گئی جس کے بعد حمزہ شہباز اور چوہدری پرویز الٰہی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانےکے وقت حمزہ شہباز خود بھی موجود تھے۔گزشتہ روزپنجاب اسمبلی کا اجلاس اپوزیشن اور حکومتی اراکین کی ہنگامہ آرائی کے بعد آج اتوارتک ملتوی کر دیا گیا تھا۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت 11بجے کی بجائے تین گھنٹے50منٹ کی تاخیر سےپرویزالٰہی کی صدارت میں شروع ہو ا، عثمان بزدار کی ایوان میں آمد پر ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا اور حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے ایک دوسرے کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

عثمان بزدار کی آمد پر مسلم لیگ(ن)کے اراکین اسمبلی نے الوداع الوداع، بزدار الوداع ،اور اپنی قیادت کیلئے شیر شیر کے نعرے لگائے جبکہ اس دوران حکومتی بنچوں کی جانب سے شیم شیم ،گیدڑ گیدڑ اورچیری بلاسم کے نعرے لگائے جاتے رہے۔ 

اسپیکر نے پینل آف چیئرمین کی نامزدگی کے بعد اجلاس آج (اتوار)ساڑھے گیارہ بجے تک کیلئے ملتوی کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میںوزیر اعلی کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہو گی۔ 

قائد ایوان کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوگاجس کیلئے ایوان کو دو حصوں میں تقسیم کیا جائیگا۔وزیر اعلیٰ کیلئے امیدوارپرویز الٰہی کے ووٹرز سیدھے ہاتھ کی لابی میں بار ی باری جائیں گے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کے ووٹرز بائیں جانب لابی میں جائینگے۔ 

کم از کم 186ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار قائد ایوان منتخب ہوگا۔ اسپیکر پرویز الٰہی نے وزیر اعلیٰ کا امیدوار ہونے کی وجہ سے اپنے تمام اختیارات ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کو تفویض کر دئیے جو آج وزیر اعلیٰ کے انتخابات کیلئے ہونے والے اجلاس کی صدارت کرینگے۔ 

دوسری جانب جہانگیر ترین، علیم خان گروپ اور تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ صغیرنے وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

اہم خبریں سے مزید