• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان کا پہلا ہفتہ، 22 اشیاء ضروریہ مہنگی ہوئیں

ملک میں رواں ہفتے رمضان اور سیاسی صورتحال کے باعث مہنگائی کا پارہ بھی چڑ گیا، 22 اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

ٹماٹر، پیاز، لہسن، گوشت، گھی سمیت 22 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی ہفتہ وار شرح 17 اعشاریہ87 فیصد پرپہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار اعداد وشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ53 فیصد اضافہ ہوا۔

ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں53 روپے 20 پیسے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ٹماٹر کی اوسط قیمت 153 روپے پرپہنچ گئی۔

پیاز 13 روپے37 پیسے فی کلو، لہسن 8 روپے 86 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ حالیہ ہفتے گھی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے 31 پیسے اضافے کے بعد 474 روپے23 پیسے ہوگئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے مٹن کی فی کلو قیمت میں 33 روپے 48 پیسے، بیف کی فی کلو قیمت میں 16 روپے49 پیسے اضافہ ہوا جبکہ کیلے 14 روپے 62 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔

اس کے علاوہ چائے، دال چنا، دال مسور، تازہ دودھ اور پاؤڈر دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے 8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 8 روپے 4 پیسے، چینی کی فی کلو قیمت میں 8 پیسے اور آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 8 روپے8 پیسے کمی ہوئی۔

آلو، سرخ مرچ، گڑ، دال ماش اور دال مونگ کی قیمت میں بھی معمولی کمی ہوئی جبکہ 21 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

قومی خبریں سے مزید