کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شوبز شخصیات نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے پر ملے جلے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے جہاں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، تو وہیں بعض افراد نے انہیں وزیر اعظم تسلیم کرنے سے ہی انکار کردیا۔شہباز شریف 11 اپریل کو ملک کے 23 ویں وزیر اعظم بنے ۔شہباز شریف کے پہلی بار وزیر اعطم بننے پر جہاں متعدد سیاستدانوں، اسپورٹس شخصیات اور غیر ملکی حکمرانوں نے انہیں مبارک باد پیش کی تھی، وہیں شوبز شخصیات نے بھی ان کے وزارت عظمیٰ پر پہنچنے پر ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا تھا۔ان کے وزیر اعظم بننے کے بعد اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزارت عظمیٰ پر براجمان ہونے پر انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔انہوں نے پاکستان زندہ آباد کا نعرہ لگاتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ شہباز شریف بہترین انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔اداکارہ ارمینا خان نے شہباز شریف کا نام لیے بغیر انہیں وزیراعظم ماننے سے ہی انکار کردیا۔اداکارہ نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ ان کے وزیر اعظم نہیں ہیںسابق وزیر اعظم عمران خان کی حمایت کرنے والی سینیئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے شہبا شریف کے وزیر اعظم بننے پر سخت رد عمل کا اظہار کیا۔انہوں نے اپنی اسٹوری میں لکھاکہ عدالتوں سے ضمانت حاصل کرنے والے شخص کو سرکاری ملازمت نہیں دی جاتی مگر وزیر اعظم بن سکتا ہے۔انہوں نے شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کر شرمناک بھی قرار دیا اور ساتھ ہی عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان بھی کیا۔