جہاں گزشتہ شب ”جیو ٹی وی“ کے ڈرامہ سیریل ”اے مشتِ خاک“ کی آخری قسط نشر ہوئی تو وہیں اداکارہ ثناء جاوید کی سوشل میڈیا مقبولیت میں اضافہ ہوگیا۔
ثناء جاوید کے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر 7 ملین یعنی 70 لاکھ فالوورز ہوگئے ہیں جس کے بعد ثناء جاوید بھی اُن نامور پاکستانی اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں جن کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 70 لاکھ یا اس سے زیادہ ہے۔
اس موقع پر ثناء جاوید نے اپنی انسٹاگرام فیملی کے لیے خصوصی پوسٹ بھی شیئر کی۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں اپنے 7 ملین فالوورز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہماری فیملی بڑی ہوگئی ہے اور میں آپ سب کے پیار و محبت کے لیے بےحد شکر گزار ہوں۔
ثناء جاوید کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا جائزہ لیا جائے تو وہ زیادہ تر اپنی دلکش تصاویر پوسٹ کرتی نظر آتی ہیں اِس کے علاوہ ثناء جاوید بعض اوقات موقع کی مناسبت سے بھی اپنے مداحوں کے لیے معنی خیز پیغامات بھی جاری کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے بینر تلے تخلیق کئے گئے اسڈرامے میں ٹیلی ویژن انڈسٹری کی سپر ہٹ جوڑی فیروزخان اور ثنا جاوید نے اپنی شاندار اداکاری سے ایک بار پھر ناظرین کے دِل جیت لیے۔
عقیدے، محبت اور فریب کے گرد گھومتی اس سیریل کی مصنفہ ماہا ملک اور ہدایتکار احسن طالش ہیں۔ ڈرامے کے دلکش ساؤنڈ ٹریک میں شانی ارشد نے اپنی کمپوزیشن دی۔
ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں اسد صدیقی، شبیرجان، عفت عمر، شہود علوی، دانیال افضل خان، حرا عمر اور دیگر نے اہم کردار ادا کئے۔