بھارتی ٹی وی اسکرین کے مشہور اداکار رام کپور نے اپنی شخصیت کو ناقابلِ یقین حد تک تبدیل کر لیا ہے جس کی بڑی وجہ ان کا 55 کلو وزن کم کرنا ہے۔
بھارتی ٹیلی ویژن سیریز ’بڑے اچھے لگتے ہیں‘ سے شہرت حاصل کرنے والے 51 سالہ اداکار رام کپور نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران بتایا ہے کہ میں نے وزن میں کمی کا سفر تقریباً ایک سال قبل شروع کیا تھا اور اب تک میں 55 کلو وزن کم کر چکا ہوں، میرے اس سفر کے ابتدائی 6 ماہ بہت اچھے رہے لیکن سخت ورزش کے باعث میرے کندھے فریکچر ہو گئے۔
انہوں مزید کہا کہ پھر میرے کندھوں کی سرجری ہوئی اور 8 ماہ تک فزیو تھراپی ہوتی رہی، اس دوران میرا وزن کم کرنے کا سفر رُک گیا تھا، لوگ سمجھ رہے ہیں کہ شاید وزن کم کرنے کے لیے میں نے ادویات یا پھر سرجری کا سہارا لیا لیکن ایسا کچھ نہیں ہے۔
رام کپور کا کہنا ہے کہ اگر میں نے سرجری کروائی ہوتی تو میں اپنے مداحوں کو بتا دیتا، میں نے اپنا وزن ورزش کے ذریعے کم کیا ہے۔
اداکار نے بتایا کہ ورزش کے علاوہ میں نے اپنی ڈائیٹ پر بہت فوکس کیا ہے، میں دن میں دو مرتبہ کھانا کھاتا ہوں، ایک بار صبح 10 بج کر 30 منٹ پر اور ایک شام ساڑھے 6 بجے، میں دن کے اوقات میں 6 اور 10 کے درمیان 8 گھنٹے کچھ نہیں کھاتا اور پھر اس کے بعد 16 گھنٹے بھوکا رہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں روزانہ 45 منٹ کی کارڈیو ورزش کرتا ہوں اور 45 منٹس اسٹرینتھ ٹریننگ کرتا ہوں، اس کے ساتھ ساتھ پانی اور نیند کا بھی خاص خیال رکھتا ہوں۔
یاد رہے کہ دسمبر 2024ء میں رام کپور کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جنہیں دیکھ کر مداح حیران رہ گئے تھے۔
رام کپور نے یہ تصاویر خود اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی تھیں جن کے کیپشن میں انہوں نے لکھا تھا کہ ہیلو دوستو! انسٹاگرام سے دوری کے لیے معذرت، میں اپنے جسم پر کافی محنت کر رہا تھا۔