پاکستان کے سینئر اداکار سید محسن گیلانی اپنی بیٹی کے انتقال کی دل دہلا دینے والی کہانی سُناتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
سینئر اداکار سید محسن گیلانی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں میزبان فضا علی نے اُن سے اُن کی زندگی کے خوشگوار اور تلخ لمحے کے بارے میں پوچھا۔
اداکار سید محسن گیلانی نے بتایا کہ اُن کی بیٹی کی پیدائش، اُن کی زندگی کا سب سے خوشگوار لمحہ تھا اور جب بیٹی جوان ہوئی تو اُس کی شادی کی۔
سید محسن گیلانی نے کہا کہ جب وہ بیٹی کو رخصت کررہے تھے تو اُنہیں ایسا محسوس ہوا جیسے اُن کے پیروں کے نیچے سے زمین نکل رہی ہوں۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب اُن کی بیٹی حاملہ ہوئی تو والد سے کہا کہ آپ نے اسپتال آنا ہے اور میری اولاد کو سب سے پہلے آپ نے گود میں لیکر میرے بازو پر لٹانا ہے۔
اداکار نے کہا کہ میری بیٹی کے ہاں پہلی اولاد بیٹی ہوئی، میں اپنی اہلیہ کے ساتھ اسپتال گیا، سب بہت خوش تھے، میری بیٹی کو دوسرے کمرے میں منتقل کیا گیا جہاں کوئی طبی سہولت موجود نہیں تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے جب ڈاکٹر سے شکایت کی تو ڈاکٹر نے کمرے سے باہر نکال دیا اور کچھ دیر کے بعد اُن کی آنکھوں کے سامنے اُن کی بیٹی کی جان نکلنے لگی۔
سید محسن گیلانی نے کہا کہ میری بیٹی نے کہا میری جان نکل رہی ہے، میرے پاؤں کی جان نکل گئی، اب میرے ہاتھوں کی جان نکل گئی، مجھے کچھ نظر نہیں آرہا۔
اداکار یہ دُکھ بھری داستان سُناتے ہوئے شدید روئے اور کہا کہ وہ اُن کی زندگی کا سب سے تلخ لمحہ تھا۔