سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے نام سے چلنے والے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے چندہ جمع کرنے کی کوششوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور مداحوں کو سخت وارننگ جاری کر دی۔
بشریٰ انصاری نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے دھوکہ دہی میں ملوث عناصر کو آڑے ہاتھوں لیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے نام سے مختلف جعلی پروفائلز لوگوں سے چندے اور مالی مدد کی درخواستیں کررہے ہیں، جو مکمل طور پر جھوٹ اور فراڈ ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں بشریٰ انصاری نے واضح کیا کہ میرے دوست مجھے ایسے پوسٹس بھیج رہے ہیں جس میں میرے نام سے لوگوں سے پیسے مانگے جارہے ہیں، جبکہ میں نے کبھی کسی سے چندہ نہیں مانگا اور نہ ہی کسی کو میری طرف سے رقم جمع کرنے کو کہا ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ خود ضرورت مندوں کی مدد کرتی ہوں اور کسی سے اپنی طرف سے درخواست نہیں کرواتی۔
بشریٰ انصاری نے سخت لہجے میں کہا کہ براہِ مہربانی ان جعلی آئی ڈیز کو رپورٹ کریں، اللّٰہ انہیں ہدایت دے یا پھر ایسے لوگوں کا انجام بہت برا ہو۔
انہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں بھی لکھا کہ یہ سب جعلی لوگ ہیں، ان کو رپورٹ کریں، یہ آپ سب کو گمراہ کر رہے ہیں۔