بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی ایکسپو سٹی دبئی ایگزیبیشن سنیٹر میں منعقد ایک تقریب میں شرکت نے تقریب کو کنسرٹ میں تبدیل کر دیا۔
شاہ رخ خان نے ایکسپو سٹی دبئی ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ایک تقریب میں شرکت کی تو ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے 6 ہزار سے زیادہ لوگ اکٹھے ہوگئے۔
اداکار نے تقریب میں اتنے لوگوں کی موجودگی دیکھ کر دلچسپ انداز میں کہا کہ ’اتنے لوگوں کو دیکھ کر تو ایسا لگ رہا کہ یہاں کوئی کنسرٹ ہو رہا ہے‘۔
اُنہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ زندگی میں کچھ بدلنا چاہتے ہیں، چاہے مالی طور پر، جذباتی طور پر یا پھر خوشیاں چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو سخت محنت کرنی ہوگی، اس لیے اپنی پوری کوشش کریں۔
شاہ رخ خان نے بتایا کہ میں اپنے آس پاس موجود ہر فرد کو پوری طرح اور خوف کے بغیر زندگی گزارنے کی ترغیب دیتا ہوں اور میں نے اپنے بچوں سوہانا اور آریان کو بھی یہی کہتا ہوں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ میں اپنے بچوں سے کہتا ہوں کہ میں آپ کے لیے حاضر ہوں، تو آپ لوگ بلا جھجک غلطیاں کریں، آگے بڑھیں، اپنی زندگی کو بھرپور طریقے سے گزاریں لیکن بہت محنت کریں اور مجھے سے بھی زیادہ محنت کریں۔
اداکار نے کہا کہ میں اللّٰہ پر یقین رکھنے والا ہوں، صرف اللّٰہ ایک آزاد وجود ہے اور میں اس آزاد وجود کو محسوس کرتا ہوں، میں چاہتا ہوں کہ ہر وہ شخص جو میرے لیے دعا کرتا ہے دل سے دعا کرے اور ایسا اس لیے نہیں کرے کہ میں یہ چاہتا ہوں بلکہ اس لیے کہ یہ سفر خالص محنت پر مبنی ہے اور میری زندگی کا اصل موضوع بھی سخت محنت ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ آخر میں، سب کو یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ یہ محنت کبھی بھی پیسے کے بارے میں نہیں تھی۔
شاہ رخ خان نے یہ بھی کہا کہ اتنے سارے لوگوں کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، مجھے اسٹار بنانے کے لیے آپ سب کا شکریہ۔