• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ندا یاسر کیخلاف فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز میدان میں آگئے، عوامی معافی کا مطالبہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ و میزبان ندا یاسر کے خلاف فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز میدان میں آگئے، معافی کا مطالبہ کر دیا۔

حال ہی میں ندا یاسر ایک بار پھر اپنے متنازع بیان کے سبب توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

میزبان نے اپنے حالیہ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کے بارے میں کہا کہ یہ رائیڈر اکثر آرڈر ڈلیور کرتے وقت بقایا رقم ساتھ نہیں رکھتے اور یوں صارفین سے اضافی روپے لے لیتے ہیں۔


ندا یاسر کے بیان پر ناصرف صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ ساتھی فنکارہ فضا علی نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔ اب فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز بھی توہین آمیز بیان کے خلاف میدان میں آگئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک بزرگ فوڈ ڈیلیوری رائیڈر نے ندا یاسر کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے عوامی معافی کا مطالبہ کیا ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ ہم بہت محنتی ہیں، آپ لائیو شو میں، ایئر کنڈیشنر میں بیٹھ کر ہمارے لیے ایسے توہین آمیز الفاظ کیسے کہہ سکتی ہیں۔ اس سے ہماری دل آزاری ہوئی ہے۔

ایک رائیڈر نے مزید کہا کہ آپ نہیں جانتی کہ ہم پر روزانہ کی بنیاد پر کیا گزرتی ہے، ہم موسم اور صحت کی پرواہ کیے بغیر بھی کھانا وقت پر پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، ہمیں آپ کی طرح سکون میئسر نہیں ہے۔ آپ کو شو میں معافی مانگنی چاہیے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید