• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاہدوں پر عمل نہ کیا گیا تو عدالت بھی جاسکتے ہیں، کنوینر ایم کیو ایم

کنوینر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اگر معاہدوں پر عمل نہ کیا گیا تو ہم عدالت بھی جاسکتے ہیں۔

کراچی میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے انتخابات میں پتنگ کے نشان پر الیکشن لڑا تھا، ہمارے مینڈیٹ کو چرایا گیا، جو لوگ ہمارا مینڈیٹ چرانا چاہتے تھے وہ صرف اسمبلیوں میں سیٹیں چرا سکے۔ مینڈیٹ تو ہمارا آج بھی ہمارے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی اگر پورے پاکستان کی قیادت کو بات کرنی ہو تو ایم کیو ایم سے کرتی ہے، کچھ لوگ ہم سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ مانگ رہے ہیں۔

کنوینر ایم کیو ایم نے کہا کہ جمہوریت واحد راستہ ہے جس پر چل کر پاکستان اپنی منزل پر پہنچ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی ہمارے بغیر نہ حکومت بنا سکتا ہے اور نہ بچا سکتا ہے، عالمی سازش کو تو ابھی ثابت ہونا ہے پہلے کراچی کے خلاف ہونے والی سازش پر بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ جن کی ذمہ داری ہے وہ ثابت کریں کہ عالمی سازش ہوئی ہے، اگر عالمی سازش ثابت ہوگئی تو ہم ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، ہم سڑکوں پر بھی ان کا ساتھ دیں گے، جو ہمارے ساتھ کھڑا ہوگا ہم اس کے ساتھ کھڑے ہونگے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اب ہم پر کوئی شب خون نہیں مار سکتا،  2018 میں وعدے پورے ہونے کی امید پر ان کے ساتھ گئے۔

ایم کیو ایم کنوینر نے عمران خان کی حکومت میں اپوزیشن سے کیے گئے معاہدوں پر کہا کہ ہم نے ان سے معاہدے کیے اور پوری قوم کے سامنے کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ان معاہدوں پر عمل نہ کیا گیا تو ہم عدالت بھی جاسکتے ہیں، معاہدوں پر عملدرآمد نہیں کیا گیا تو سڑکوں پر بھی آنے کے لیے تیار رہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم حکومتوں میں ضمیر بیچ کر نہیں جاتے، ہم اپنے لوگوں کے مطالبات لیکر حکومتوں میں شامل ہوتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید