کوئٹہ ( آئی این پی ) وزیر مملکت برائے توانائی میر محمد ہاشم نوتیزئی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ کوئٹہ خوش آئند ہے جس کے مثبت اثرات برآمد ہوں گے۔ جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سردار اختر مینگل کی گزارش پر بلوچستان کا دورہ کرکے مثبت اعلانات کئے، امید ہے کہ ان پر عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچلاک خضدار سیکشن پر دورویہ روڈ بنانے کا سنگ بنیاد رکھنا بلوچستان کے عوام کاایک بڑے مطالبے پر عمل درآمد کی ابتدا ہے۔ بلوچستان میں بہت سے مسائل ہیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے لیکن ان میں سب سے سرفہرست مسئلہ لاپتہ افراد کا ہے جس کے متعلق وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ کوئٹہ کے موقع پر کھل کر بات کی اور کہا کہ وہ یہ مسئلہ متعلقہ اداروں اور حکام کے ساتھ اٹھائیں گے لہٰذا ہمیں امید ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف بلوچستان کا یہ سنگین مسئلہ جو انسانی حقوق کا مسئلہ بھی ہے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد جلد ہی وزارت کے حکام سے بریفنگ لوں گا اور میری ترجیح ہوگی کہ بلوچستان میں بجلی اور گیس سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں،کیونکہ ہمیں یہ معلوم ہے کہ بلوچستان کے اکثر علاقوں میں توانائی سے متعلق بہت سے مسائل موجود ہیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیحات حکومت یا وزارت نہیں بلکہ ہماری سیاست کا محور بلوچستان اور بلوچستان کے عوام کے حقوق کا حصول ہے۔