مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے تجزیاتی ٹول ٹوئٹ بائنڈر نے ہیش ٹیگ ’امپورٹڈ حکومت نامنظور‘ کو 100 ملین سے زیادہ ٹوئٹس کے ساتھ ٹوئٹر کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹرینڈنگ ہیش ٹیگ ظاہر کیا ہے۔
اس حوالے سے ٹوئٹر بائنڈر کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اب جب کہ ایلون مسک نے ٹوئٹر خرید لیا ہے تو ہم نے محسوس کیا ہے کہ #امپورٹڈ_حکومت_نامنظور ہیش ٹیگ کے بارے میں ٹوئٹر کے اعداد و شمار کا اشتراک کرنے کا یہ بہترین وقت ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ ہمارے تجزیے اور تحقیق کے مطابق ہیش ٹیگ
’امپورٹڈ حکومت نامنظور‘ ٹوئٹر کی تاریخ کا سب سے بڑا ہیش ٹیگ ہو سکتا ہےجس کا سب سے زیادہ استعمال کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر اور دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے درمیان 44 ارب ڈالر میں فروخت کا معاہدہ طے پاگیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹوئٹر نے ایلون مسک کی 54.20 ڈالر فی شیئر میں خریدنے کی پیشکش قبول کرلی ہے۔
معاہدے کے بعد ایلون مسک ٹوئٹر کے واحد سب سے بڑے شیئر ہولڈر بھی بن گئے۔
رپورٹس کے مطابق یہ اب تک کسی بھی پرائیویٹ کمپنی کو خریدنے کا سب سےبڑا سودا ہے۔