مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ آج رات بارہ بجے تک حمزہ شہباز سے حلف نہ لیا گیا تو آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
لاہور میں عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہیٰ اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لیے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہےہیں،
انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس فوری بلا کر عدم اعتماد تحریک پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔
ان کاکہنا تھا کہ آئین شکنی کرنے والوں کے خلاف وفاق سے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی درخواست کردی ہے۔
لیگی رہنما اویس لغاری نے کہا کہ اجلاس کو بغیر کارروائی کے ملتوی کرنا بھی غیر قانونی ہے، کسی کو حق نہیں کہ کسی آئین شکن کو بغیر سزا کے چھوڑ دیا جائے۔
دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے آج کا اسمبلی اجلاس ملتوی کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے افسران کو پولیس کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے، کچھ افسران گرفتار کر لئے گئے ہیں۔
پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ناگفتہ بہ حالات کی وجہ سے آج کا اجلاس منعقد کرنا ممکن نہیں تھا۔
چوہدری پرویز الہٰی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے بہت سے مزید افسران کو پولیس گرفتار کرنے کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔