وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ روضۂ رسول ﷺ پر پیش آنے والے واقعے نے عمران خان کی اصلیت بے نقاب کردی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مسجدِ نبوی ﷺ میں ہلڑبازی کی۔
شازیہ مری نے کہا کہ شیخ رشید نے پہلے ہی اس پلان کی خبر سنا کر دھمکی دی تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کرسی کی ہوس میں تمام حدیں پار کر دی ہیں، عمران خان کو شرم آنی چاہیے، جہاں فرشتےبھی درود شریف کا ورد کرتے ہیں وہاں پی ٹی آئی نے تماشا کیا۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے پیروکاروں کے طرزعمل پر بےحد افسوس ہے، کل مسجد نبوی ﷺ میں ہونے والی حرکت اور ہنگامہ آرائی کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ روضہ رسول ﷺ کی حرمت کا خیال نہ رکھنے والوں نے اپنے آپ کو بےنقاب کردیا ہے، عمران خان نے بیرونی ایجنڈے کے تحت ایک نسل کو گمراہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ شیخ رشید احمد نے حکومتی وفد کی سعودی عرب روانگی سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ حرم پاک جائیں گے تو دیکھیے گا لوگ کیا سلوک کرتے ہیں۔
اُنہوں نے یہ پریس کانفرنس حکومتی وفد کی سعودی عرب روانگی سے قبل پشاور میں کی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف 13 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کا وفد روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینے پہنچا تو وہاں مسجد نبوی کے احاطے میں کچھ افراد نے اُن کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی۔
اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں جن میں کچھ افراد کو چور چور کے نعرے لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔