سابق صدر آصف زرداری اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے وزیراعظم شہباز شریف اور اُن کے وفد پر مسجد نبوی ﷺ میں نعرے بازی کیے جانے پر واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ مسلمانوں کے مقدس ترین مقام مسجد نبوی ﷺ میں سینئر وزراء پر شرمناک حملے کی مذمت کرتی ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کی بڑھتی ہوئی انا کو تسکین دینے کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے عدم برداشت اور تفرقہ بازی کو ہوا دی جا رہی ہے جو پاکستان کو انتہائی تاریک راستے پر لے جا رہی ہے۔
اپنے ٹوئٹ میں آصفہ بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان فرقہ پرستوں کے لیے کچھ شرم کی بات ہے اور سنجیدگی سے سوچنے کی بات ہے جو بنیادی شرافت کی موت پر خوشیاں منا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف 13 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچے۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کا وفد روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینے پہنچا تو وہاں مسجد نبوی کے احاطے میں کچھ افراد نے اُن کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی۔
اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں جن میں کچھ افراد کو چور چور کے نعرے لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔