• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’گھبرانا نہیں ہے‘ بہترین تجربات میں سے ایک ہے، سید جبران

سید جبران، فوٹو فائل
سید جبران، فوٹو فائل 

پاکستان کے معروف اداکار سید جبران کا کہنا ہے کہ فلم ’گھبرانا نہیں ہے‘ ان کی زندگی کے سب سے بہترین تجربات میں سے ایک ہے۔

پاکستانی فلم’گھبرانا نہیں ہے‘ عیدالفطر پر سینما گھروں میں ریلیز ہونے کے لیے بالکل تیار ہے۔

اس فلم میں اداکار سید جبران، زاہد احمد اور اداکارہ صبا قمر مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

سید جبران نے اس فلم کے حوالے سے جیو نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فلم ان کی زندگی کے سب سے بہترین تجربات میں سے ایک ہے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’شائقین نے مجھے کبھی ٹی وی پر پہلے ایسے انداز میں نہیں دیکھا اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ فلم میرے مداحوں کے لیے ایک بڑا سرپرائز ثابت ہوگی‘۔

اُنہوں نے فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’اس فلم میں میرا کردار بہت چیلنجنگ ہے کیونکہ کہ اس کردار کو فلم میں کامیڈی اور انٹرٹینمنٹ ​​کے تمام عناصر فراہم کرنےکی مکمل ذمہ داری دی گئی ہے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’میں چاہتا تھا کہ اس بار میری پرفارمنس مختلف ہو جس کی وجہ سلور اسکرین کی چمک اور دلکشی برقرار رہے‘۔

جبران نے اعتراف کیا کہ اس فلم کا اسکرپٹ اتنا زبردست تھا کہ وہ فوری طور پر اس فلم کو کرنے کے لیے مجبور ہوگئے۔

اُنہوں نے کہا کہ’اسکرپٹ اتنا لاجواب ہے! اسے محسن علی نے اور ڈائریکٹر ثاقب خان نے مل کر لکھا ہے‘۔ 

جبران نے مزید کہا ’یہ اتنی خوبصورتی سے لکھا گیا ہےکہ مجھے لگا کہ فلم کو کرنے سے انکار کرنا گناہ ہو گا‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’فلم کا بنیادی خیال کسی اور فلم سے ملتا جلتا یا کاپی نہیں ہے بالکل ایک نئی کہانی ہےکہ میں تو حیران رہ گیا‘۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ’یہ فلم خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے ہےکہ آپ عورت کو صرف اس کی جنس کی وجہ سے اپنے خوابوں اور عزائم سے پیچھے ہٹنے کے لیے نہیں کہہ سکتے، یہ ایک غلط تصور ہے‘۔

اُنہوں نے بتایا کہ ’اس فلم کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ ہمیشہ اپنے اردگرد خواتین کی حوصلہ افزائی کریں اور رکاوٹوں کو توڑنے میں ان کا ساتھ دیں‘۔

جبران کے لیے پروجیکٹ کے بارے میں سب سے زیادہ دلچسپ عنصر فلم میں موجود ایکشن اور ڈانس کے سیکوئنسز ہیں۔

سید جبران نے انکشاف کیا کہ’میں نے اداکاری کی تعلیم بمبئی میں حاصل کی‘۔

اُنہوں نے بتایا کہ’ میں 2008 میں اپنی ایکشن اور ڈانس کی مہارت کو نکھارنے کے لیے ایک خصوصی کورس کرنے کے لیے بھارت گیا تھا اس لیے فلم کے دوران ایکشن اور ڈانس کے سیکوئنسز سے میں نے بہت لطف اٹھایا‘۔

اپنی گفتگو کا اختتام کرتے ہوئے سید جبران نے مداحوں سے کہا کہ وہ اس عید پر فلم ’گھبرانا نہیں ہے‘ لازمی دیکھیں اپنے گھر والوں اور دوستوں  کو بھی لے جائیں۔

اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ فلم بہت مزیدار ہے آپ یہ فلم دیکھنے کے بعد بالکل نہیں گھبرائیں گے کہ یہ کیا ہوگیا پیسے ضائع ہوگئے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید