پاکستانی نمبر ون ٹیبل ٹینس پلیئر پرنیا خان عید کے موقع پر بھی ٹیبل ٹینس کی پریکٹس کو مس نہیں کرتیں، وہ عید کا جوڑا پہن کر بھی بھائی کے ساتھ پریکٹس کرنا نہیں بھولتیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے پرنیا خان نے کہا کہ میں ٹریننگ پر سمجھوتہ نہیں کر سکتی، ٹریننگ میری پہلی ترجیح ہوتی ہے، بس اتنا ہوتا ہے کہ میں کٹ وغیرہ نہیں پہنتی، جو بھی میں نے ڈریس پہنا ہو جونہی وقت ملتا ہے تو میں ٹریننگ شروع کر دیتی ہوں، بھلا ہو بھائی کا جو میرا ساتھ دیتا ہے۔
پرنیا خان نے مزید کہا کہ میں عید کی چھٹیاں کرتی ہوں اور یہ چھٹیاں صرف اس حد تک ہوتی ہیں کہ کلب نہیں جاتی، میں نے ٹیبل گھر رکھی ہو ئی ہے اور میں گھر کے ہی سٹنگ روم میں ٹریننگ کرنے لگ جاتی ہوں۔ یہ نہیں دیکھتی کہ کون آیا ہوا ہے اور میں نےکہا پہنا ہوا ہے۔
پرنیا خان نے بتایا کہ انہیں شاپنگ کا شوق نہیں ہے، میں عید کی خریداری کے لیے والدہ کے ساتھ جاتی ضرور ہوں لیکن انہیں صرف کمپنی دیتی ہوں، دکانوں میں وہی جاتی ہیں اور وہی خریداری کر کے لاتی ہیں میں انہیں اپنی پسند کی چیزیں بتا دیتی ہوں، بلیک کلر میرا پسندیدہ ہے، اس عید پر بھی میں نے بلیک رنگ میں جوڑا بنوایا ہے ۔
پرنیا خان کہتی ہیں کہ میری والدہ کی فیملی بہت بڑی ہے اور میں ننھیال میں سب سے چھوٹی ہوں باقی سب کزنز مجھ سے بڑے ہیں، چھوٹی ہونے کے ناطے مجھے سب سے زیادہ عیدی ملتی ہے اور اگر مجھے کوئی عیدی نہ دے تو میں مانگ کر عیدی لے لیتی ہوں۔
پاکستان نمبر ون ٹیبل ٹینس پلیئر پرنیا خان نے کہا کہ پلیئر ہونے کی وجہ سے خوراک کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے لیکن عید کے دنوں میں یہ خیال بھول جاتی ہوں اور کھل کر بد پرہیزی کرتی ہوں، خوب مزے مزے کے پکوان بنواتی ہوں، دعوتیں اڑاتی ہوں کھل کر کھاتی ہوں لیکن جونہی چھٹیاں ختم ہو تی ہیں تو پھر میں پرانی روٹین میں واپس آجاتی ہوں۔