• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی،درجہ حرارت کے ساتھ لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ

کراچی کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 12 گھنٹے تک پہنچ گیا، اس میں غیراعلانیہ آنکھ مچولی بھی شامل کرلیں تو کئی علاقے ایسے بھی ہیں جہاں 14 سے 16 گھنٹے بجلی نہیں ہوتی۔

شدید گرم موسم میں کراچی والوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث نہ گھر پر چین ہے نہ کام کی جگہ اطمینان۔ شہریوں کے سارے معمولات بھی چوپٹ ہوگئے ہیں۔

بلوں کی سو فیصد ادائیگی کرنے والے مستثنیٰ علاقوں میں بھی چار بار ایک ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

شاہ فیصل کالونی، کورنگی، لانڈھی، ملیر، لیاقت آباد، سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، لیاری، کھڈا مارکیٹ، کھارادر، اورنگی ٹاؤن، شادمان، سرجانی ٹاؤن اور دیگر علاقے طویل لوڈشیڈنگ کی زد میں ہیں جبکہ کے الیکٹرک کی جانب سے گلشن اقبال، گلستان جوہر، ناظم آباد اور نارتھ کراچی سمیت مختلف مستثنیٰ علاقوں کے صارفین کو بھی دن میں چار بار ایک ایک گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ عارضی طور پر بڑھانا پڑسکتا ہے۔

شہریوں کا شکوہ ہے کہ بجلی کی طویل بندش کے باعث دن کے معمولات ہی درہم برہم نہیں ہورہے بلکہ راتوں کی نیند بھی حرام ہوگئی ہے۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید