کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بیٹوں کو انٹر پول کے زریعے پاکستان لانے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی ہے۔عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ درخواست گزار محمود اختر نقوی نے سستی شہرت کی خاطر درخواست دائر کی ہے اور سپریم کورٹ اپنے فیصلے میں کہہ چکی ہے کہ اگر کوئی بھی شہری اپنی شہرت کے لیئے کیس دائر کرتا ہے تو اس کی درخواست قابل سماعت نہیں ہو سکتی لہذا ہم ابتدائی سماعت پر ہی یہ درخواست مسترد کرتے ہیں۔ دوران سماعت بینچ کے رکن جسٹس یوسف علی سید نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ نے کس حثیت میں درخواست دائر کی ہے؟ کیا آپ متاثرہ فریق ہیں جس پر درخواست گزار نے جواب دیا کہ اس نے عوامی مفاد میں درخواست دائر کی ہے تاہم فاضل جج نے کہا کہ درخواست عوامی مفاد کے بجائے سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے دائر کی گئی ہے۔