• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز نوجوانوں کی لیڈر، پنجاب میں دن رات خوشحالی کے منصوبوں پر کام جاری، شہباز شریف

گوجرانوالہ (نمائندہ جنگ) وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گوجرانوالہ میں 62ارب کے میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیادرکھا جبکہ چنددا قلعہ فلائی اوور کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے رائل پام سٹی میں ایک جلسہ سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ آصف، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، عطاء اللّٰہ تارڑ، رانا ثناء اللّٰہ، مریم اورنگزیب، ارمغان سبحانی، صوبائی وزراء بلال اکبر، ذیشان رفیق، مقامی لیگی رہنماء اور ارکان اسمبلی خرم دستگیر خان، عابد رضا کوٹلہ، سائرہ افضل تارڑ، محمود بشیرورک، عثمان ابراہیم، بلال فاروق تارڑ، اظہر ناہرا، مدثر قیوم ناہرا، شازیہ فرید، پیر غلام فرید، قیصر سندھو، سلمان خالد پومی بٹ، نواز چوہان، عمرفاروق ڈار،عمران خالد بٹ، عدنان چٹھہ، وقار چیمہ، چودھری اقبال ، عرفان بشیر گجر ودیگر عہدیدار اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے رائل پام سٹی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز جس طرح کام کر رہی ہیں وہ قابل تحسین ہیں ، وزیراعلیٰ جس طرح دن رات صوبے کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے بڑے منصوبے تیار کررہی ہیں کسانوں ، مزدوروں ، اقلیتوں اور خواتین کیلئے جو منصوبے شروع کئے ہیں وہ قابل قدر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز نوجوانوں کی لیڈر ہیں، مریم نواز نے پنجاب میں اپنی صلاحیتوں کو لوہا منوایا ہے۔ گوجرانوالہ میں میٹرو بس منصوبہ بہت بڑی عوامی سہولت ہو گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب میں ماس ٹرانزٹ شروع کیا جا رہا ہے عوام کو بہتر سفری سہولت دے رہے ہیں۔ گوجرانوالہ میں یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل ہو گا، پنجاب میں ترقی کا سفر تیزی سے شروع ہے۔ شہر شہر گاؤں گاؤں میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف، میاں شہباز شریف نے جس طرح ترقی کے کام کئے ملکی عزت و وقار میں اضافہ کیا اسی طرح نواز شریف کی بیٹی بھی پنجاب کی ترقی کیلئے دن رات کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور شہباز شریف ترقی کے نشان ہیں ابھی تک پاکستان میں ترقی کرنے والا کوئی چوتھا بندہ سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ فساد کی سیاست ناکام ہو گئی، کے پی میں بھی ن لیگ نے سیٹ جیت لی، کے پی کا ایک وزیراعلیٰ صرف پنجاب پر چڑھائی کرتا رہا، دوسرا وزیراعلیٰ صرف اڈیالہ کے باہر بیٹھا رہتا ہے اسے چاہئے کہ وہ ہسپتالوں میں جائے، سکولوں میں جائے کام کرے۔ مریم نواز نے کہاکہ پنجاب میں ترقی صرف ہمارے دور میں ہوئی میاں نواز شریف کے بعد میاں شہباز شریف نے پنجاب میں ترقی کے کام کئے اس کے بعد اب نواز شریف کی بیٹی پنجاب کو ترقی کی طرف لیکر جا رہی ہے۔ ہم کسان کارڈ دے رہے ہیں، مزدور کارڈ دے رہے ہیں، خواتین کو سہولتیں دے رہے ہیں، ہسپتالوں کی صورتحال بہتر بنا دی، فری ادویات دے رہے ہیں، سڑکیں بن رہی ہیں، بسیں آ رہی ہیں، میں نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا جہاں کا ایک وزیراعلیٰ چار سال رہا وہاں پسماندگی نظر آئی، میانوالی گئی جہاں کا ایک شخص 4 سال اقتدار میں رہا، وہاں ہم نے ترقی شروع کی، گجرات پانی میں ڈوب گیا ہم نے وہاں ترقیاتی کام شروع کئے۔ انہوں نے کہاکہ خدمت ہی ہماری سیاست ہے ہم نے پنجاب کو امن کا گہوارہ بنا دیا۔ جرائم ختم کر دیئے، منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن جاری ہیں۔ ہم نے نوجوان نسل کو بچانا ہے اس موقع پر کارکنوں نے بھی مریم نواز زندہ باد کے نعرے لگائے۔

ملک بھر سے سے مزید