کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر میں کھلے مین ہولز میں معصوم بچوں کے گرنے کا سلسلہ نہ تھم سکا، متعدد بچوں کی ہلاکت کے باوجود انتظامیہ نے ہوش کے ناخن نہیں لیے۔ ایک اور بچی کا مین ہول میں گرنے کا واقعہ سامنے آ گیا ۔منگھوپیر تھانے کی حدود گرم چشمہ کے قریب نجی اسکول کی پہلی جماعت کی طالبہ 5سالہ عنایات کھلے مین ہول میں گر گئی، قریب موجود دیگر بچوں کے شور مچانے پر وہاں سے گذرنے والے ایک شہری نے بچی کو بروقت کھلے مین ہول سے نکال لیا۔ مین ہول میں پانی کا دباؤ اور گہرائی کم تھی اس لیے خوش قسمتی سے بچی محفوظ رہی۔بچی عنایہ امین اسی علاقے کی رہائشی ہے ۔بچی چھٹی کے بعد اسکول سے گھر جا رہی تھی کہ نجی اسکول کے سامنے مین ہول میں گر گئی۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پورے علاقے میں جگہ جگہ میں ہول کھلے پڑے ہیں جو انتظام کی غفلت کو ظاہر کرتے ہیں۔