• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مارگلہ کے جنگلات میں آگ لگانے کا واقعہ، ایک ٹک ٹاکر گرفتار


مارگلہ ہلز پر جنگلات میں آگ لگانے کے واقعے میں ملوث ایک ٹک ٹاکر کو ایبٹ آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون ٹک ٹاکر سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔

خیال رہے کہ مارگلہ کے جنگلات میں آگ لگانے کے واقعے پر خاتون ٹک ٹاکر سمیت ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، ملزمان کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ نمبر 402 درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں لینڈاسکیپ ایکٹ، فارسٹ ایکٹ، وائلڈ لائف ایکٹ اور انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر لینڈ اسکیپ ایکٹ 1966، فارسٹ ایکٹ 1927 کے تحت درج کی گئی جبکہ انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایکٹ 1997 کی دفعہ بھی شامل ہے اور ایف آئی آر میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 425، 188 بھی شامل ہیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق آگ لگنے کی جگہ نیشنل پارک کا علاقہ ہے، پہلے بھی آگ لگنے سے پودوں، گھاس اور چرند پرند کو کافی نقصان پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ مارگلہ ہلز میں اتوار کی شام آگ بھڑک اٹھی تھی جو کئی گھنٹے لگی رہی تھی۔

سی ڈی اے کے شعبہ انوائرمنٹ کے مطابق سید پور رینج جنگل نمبر 19 اور بوٹینیکل گارڈن میں آگ لگی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مارگلہ کے جنگلات میں آگ لگانے والے 2 نوجوانوں کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔

ویڈیو میں ٹک ٹاکر لائیٹر سے آگ لگاتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ دوسری ویڈیو میں خاتون بھی مارگلہ پہاڑیوں پر آگ کے دوران ٹک ٹاک بناتے نظر آرہی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید